جشن میلاد النبی:میڈیا،اقلیتوںسمیت پوری قوم بھر پور شرکت کرے:عمران
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ربیع الاول وہ مبارک مہینہ ہے جس میں ہمارے نبی حضرت محمدؐ دنیا میں تشریف لائے، یہ برکتوں کا مہینہ ہے، یہ وہ مہینہ ہے جس میں اللہ تعالی نے اپنے حبیبؐ کو اس دنیا میں بھیجا تھا۔ ہفتہ کو عیدمیلاد النبیؐ کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالی نے اپنے حبیب حضرت محمدؐ کو رحمت اللعالمین کا خصوصی خطاب دیا، حضور نبی کریم ؐدنیا کی تاریخ کے سب سے بڑے لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیڈر کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہوتی ہے کہ وہ لوگوں کو اکٹھا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ عید میلاد النبیؐمیں سب لوگ بھرپور طریقے سے شرکت کریں، رواں سال ربیع الاول کے مہینے میں ہمیں ایسا جشن منانا چاہئے جو ہماری قومی تاریخ کا سب سے شاندار جشن ہو تاکہ واضح ہوکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلے کبھی کسی نے عیدمیلاد النبیؐ کاایسا جشن نہیں منایا، وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام اپنے پیغام میں عوام، میڈیا، اقلیتوں سمیت پوری قوم کو جشن عید میلاد النبیؐ میں بھرپور شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا دیکھے گی کہ پاکستان کی تاریخ میں اس سے قبل اس طرح کا عید میلاد النبیؐ کا جشن پہلے کبھی نہیں منایا گیا۔