ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں ازخود اضافہ اڈوں پر جھگڑے،گھی38روپے کلو مہنگا
لاہور (نوائے وقت رپورٹ + کامرس رپورٹر + این این آئی) پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر ٹرانسپورٹرز نے ازخود نوٹس لے لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ٹرانسپورٹرز نے لاہور سے راولپنڈی‘ مری‘ پشاور‘ ملتان اور کراچی کے کرایوں میں 100 سے 200 روپے تک اضافہ کر دیا۔ کرائے بڑھانے پر لاری اڈوں پر جھگڑے شروع ہو گئے۔ مسافروں اور بکنگ عملے میں تو تکار ہوتی رہی۔ ٹرانسپورٹرز نے لاہور سے راولپنڈی کا کرایہ 1250 سے 1350‘ مری کا کرایہ 1600 سے 1700‘ پشاور کا کرایہ 1500 سے 1600‘ ملتان کا کرایہ 1150 سے 1250‘ ساہیوال کا کرایہ 450 سے 550‘ کراچی کا کرایہ 3600 سے 3800 روپے کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں سٹاپ ٹو سٹاپ کرایہ15 سے بڑھا کر20 روپے کر دیا گیا ہے جبکہ اندرون شہر چلنے والی لوکل گاڑیوں کا کرایہ40 روپے تک بڑھا دیا گیا ہے۔ پیرودھائی سے روات تک کا کرایہ90 روپے کردیا گیا ہے۔ شہروں کے اندر چلنے والی چھوٹی ٹرانسپورٹ کے کرایوںمیں 10 سے 15 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ سامان لانے اورلے جانے والی لوڈر گاڑیوں نے بھی اسی تناسب سے کرائے بڑھا دیئے ہیں۔ اوپن مارکیٹ میں درجہ دوم کے گھی اور آئل کی قیمتوں میں 7 سے 25روپے تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پرچون سطح پر درجہ دوم گھی کی قیمت 7روپے فی کلو اضافے سے325روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔ درجہ دوم آئل کی قیمت 20روپے اضافے سے340روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی۔ مختلف کمپنیوں اور برانڈز کی جانب سے درجہ اول کا گھی 38 روپے کلو تک مہنگا کیا گیا۔ قیمت 361 روپے سے مہنگا ہو کر 399 روپے کلو ہو گئی ہے۔ خوردنی تیل 48 روپے لٹر تک مہنگا کیا گیا۔ قیمت 361 روپے سے بڑھا کر 409 روپے فی لٹر ہو گئی ہے۔