چولستان: پاک فوج کے طبی کیمپس‘ بحریہ کے جوانوں کا بلوچستان میں زلزلہ متاثرین کیلئے آپریشن
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان آرمی کے چولستان کے دور افتادہ علاقوں میں مفت طبی سہولیات کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے لئے پاکستان آرمی کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے تعاون سے چولستان کے دور افتادہ علاقوں میں طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے سرگرم ہیں۔ اس سلسلے میں سال 2021ء میں اب تک چنن پیر، چک 75، چک ,12ڈی این بی کھتری بنگلہ، دین گڑھ، چاہ ناگراں، چاہ ملکانہ، کالا پہاڑ، احمد پور ایسٹ، منچن آباد اور چشتیاں میں فری میڈیکل اور آئی کیمپ کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔ جن میں تقریباً 12000 افراد کو فری طبی سہولیات مہیا کی جا چکی ہیں۔ اس فلاح کی کڑی کو آگے بڑھاتے ہوئے تحصیل ہسپتال فورٹ عباس میں پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام سیلانی انٹرنیشنل ویلفئیر ٹرسٹ کی وساطت سے فری میڈیکل، آئی سرجیکل کیمپ مورخہ 12 سے 17 اکتوبر 2021ء تک جاری ہے۔ اس کیمپ میں غریب اور نادار مریضوں کے لئے امراض چشم کی تشخیص و علاج اور مفت لیزر آئی سرجری کے ذریعے موتیے کا علاج کیا جارہا ہے۔ نیز، ضرورت مند افراد کو مفت چشمے اور ادویات بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔ کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیاء نے بھی اس آئی کیمپ کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے عوام کو دی جانے والی طبی سہولیات کا بغور جائزہ لیا۔ کور کمانڈر نے ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو اس کیمپ سے مستفید کیا جائے۔ ادھر پاک بحریہ کی جانب سے بلوچستان کے زلزلہ زدہ علاقوں میں انسانی امداد اور ڈیزاسٹر ریلیف آپریشنز کا انعقاد کیا گیا۔ ہرنائی‘ دیگر ملحق دیہات میں ضروریات زندگی سمیت راشن کے بیگز تقسیم کئے۔ کوئٹہ میں بحریہ کے سٹیشن کمانڈر کیپٹن ایاز نے زلزلہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔