گنے کی قیمت 225 روپے مقرر کرنے کی تجویز‘ کسان نمائندوں کی مخالفت
لاہور (کامرس رپورٹر) شوگرکین کنٹرول بورڈ کے گزشتہ روز اجلاس میں محکمہ زراعت نے پنجاب میں آئندہ گنے کی کرشنگ کے سیزن کے لئے ایک من گنے کی کم از کم قیمت 225روپے مقررکرنے کی تجویز دی ہے۔ اجلاس شوگرکین کمشنر پنجاب زمان وٹو کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں موجود کسانوں کے نمائندوں نے محکمہ زراعت پنجاب کی جانب سے ایک من گنے کی قیمت 225روپے مقررکرنے کی تجویزکی مخالفت کی اور کہا کہ فی ایکڑ لاگت کاشت میں گزشتہ سیزن کے مقابلے میں بہت اضافہ ہو چکا ہے۔ گنے کی قیمت 300روپے من مقرر کی جائے۔ مزید برآں انہوں نے اجلاس میں شوگر ملوں کی طرف سے کاشتکاروں کو بروقت ادائیگی پر بھی زور دیا۔ دریں اثناء شوگر ملز کا کوئی نمائندہ کنٹرول بورڈ کے اجلاس میں احتجاجاً شریک نہیں ہوا۔ کیونکہ حکومت نے کئی شوگر ملوں کی اعلیٰ انتظامیہ کو گنے کی قیمت کی عدم ادائیگی پر گرفتار کر لیا ہے۔ واضح رہے قیمت 225روپے مقرر کرنے کی تجویز پنجاب کابینہ کو ارسال کی جائے گی۔ جو ایک من گنے کی کم از کم قیمت مقرر کرنے کا اعلان کرے گی۔