شیخوپورہ: اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ‘ریٹ لسٹیں غائب
شیخوپورہ(عظیم علی شیخ/سید علی معظم رضوی سے)شہراور مضافات میں سبزیوں ،پھلوں،انڈوں،مرغیوں ،آٹا، چینی، ادرک اور دیگر اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں،ڈسٹرکٹ گورنمنٹ مہنگائی کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ،انتظامیہ کے گراں فروشی کے خاتمہ کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ، غریب خریداروں کی گرانفروشوں کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کی دہائی،سروے کے مطابق فروٹ منڈی ،سبزی منڈی،خادم حسین روڈ پر ریڑھیوں، پھڑیوں،چوکوں اور چوراہوں میں پھل اور سبزیاں فروخت کرنیوالوںخود ساختہ مہنگائی کا طوفان کھڑا کر دیا، مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری کی جانے والی سرکاری ریٹ لسٹیں بھی غائب کردی گئیں،پرائیس کنٹرول کمیٹیوں کی جانب سے بھی سب اچھا کا راگ لگایاجانے لگا،آٹا نایاب اور تمام اشیاء خورونوش کے نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے ، گھی چینی سبزیاں اور پھل بھی غریبوں کی خرید سے باہر ہوکررہ گئیں،خریداروں کے مطابق مارکیٹ کمیٹیوں اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے بعض افسروں کی مبینہ ملی بھگت سے مہنگائی کا جن بوتل سے باہر نکلا آیا ہے۔ عوامی سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ مصنوعی مہنگائی و گراں فروشی کولگام ڈالی جائے۔