• news

اپوزیشن کا طرز عمل بچگانہ،جلسے بے وقت کی راگنی:عثمان بزدار


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے الحمرا آرٹ گیلری میں عشرہ شان رحمت للعالمینؐ کے سلسلے میں  خطاطی کی نمائش دیکھی اور مقابلہ خطاطی میں حصہ لینے والے خطاط کی کیلی گرافی کے فن پارے دیکھے۔ ملک بھر سے 400 خطاط نے شرکت کی۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے الحمرا آرٹ گیلری میں اسم  محمدؐ  کی خطاطی کے فن پاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ الحمرا آرٹ گیلری میں لفظی خطاطی اور مصورانہ خطاطی کے 450 فن پارے نمائش کے لئے رکھے گئے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے لفظی اور مصورانہ خطاطی کے فن پاروں کو سراہا۔ وزیراعلیٰ نے مقابلہ خطاطی میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے خطاط کو میڈل دیئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے زبیر اکرم، امجد علوی، سعید ناز، حبیب اللہ کو میڈل پہنائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پشاور کے انور زیب، ملتان کے عمار اقبال اور قصور کے وقاص یحییٰ کو میڈل دیئے۔ سیکرٹری اطلاعات راجہ جہانگیر انور نے اسم محمدؐ  کا خوب صورت فن پارہ پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب فن خطاطی کے فروغ کے لئے سرگرم عمل ہے۔ فن خطاطی مسلمانوں کی میراث ہے۔ صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری اوقاف، ڈی جی پی آر اور لوگوں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ وزیراعلیٰ سے وزیراعلی آفس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں کرنل (ر) غضنفر عباس شاہ، بلال اصغر، محمد رضا حسین بخاری اور سردار فاروق امان اللہ دریشک شامل تھے۔ منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثما ن بزدار نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات میں اپوزیشن کا طرز عمل نامناسب اور بچگانہ ہے۔ اپوزیشن عناصر کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ جلسے جلوسوں سے عوام کی خدمت نہیں ہوتی۔ ان کے جلسے بے وقت کی راگنی ہیں۔ عوام کو بے وقت کی جلسیوں میں کوئی دلچسپی نہیں۔ کھوکھلے نعرے لگا کر آپ پاکستان کی خدمت نہیں کر رہے۔ ماضی کی حکومتوں نے عوام کے بنیادی مسائل کو یکسر نظرانداز کیا۔ ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے عناصر ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں۔ نئے پاکستان میں مفاد پرستوں کے ایجنڈے کی کوئی گنجائش نہیں۔ ہماری حکومت نے عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ہماری حکومت ترقی کے سفر کو پسماندہ علاقوں تک لے کر گئی ہے۔ پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے جاری منصوبوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ ادھر عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرگودھا کے نرسری وارڈ میں 4 بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت اور کمشنر سرگودھا ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بچوں کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انکوائری میں غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آکسیجن کی کمی کے باعث بچوں کے جاں بحق ہونے کا واقعہ افسوس ناک ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور جاں بحق بچوں کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن