• news

پاکستان ، ویسٹ انڈیز پریکٹس میچ میں آج مد مقابل 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کی تیاریاں جاری ہیں، قومی ٹیم کے سکواڈ نے مقامی ہوٹل میں مسلسل دوسرے روز بھی جم سیشن کیا۔قومی کھلاڑی 2 گھنٹے پر مشتمل جم سیشن میں حصہ لے رہے ہیں ۔ سکواڈ نے گزشتہ شام 6 بجے سے آئی سی سی اکیڈمی گراونڈ میں نیٹ سیشن بھی کیاجو3 گھنٹے تک جاری رہا۔ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے دبئی پہنچنے کے بعد کرونا ٹیسٹ کے رزلٹ منفی آگئے تھے جس کے بعد قومی سکواڈ کے ارکان کو اکٹھے سرگرمیوں کی اجازت مل گئی ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے قومی سکواڈ کو جوائن کرلیا۔آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کا دبئی میں ٹریننگ سیشن،قومی ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے قومی سکواڈ کو جوائن کرلیا۔دبئی کی آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی میں پاکستان ٹیم نے اپنا پہلا ٹریننگ سیشن کیا جو کہ3 گھنٹے جاری رہا جس میں کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ کی  اورپھرجیت کا جذبہ لیے کپتان بابر اعظم کی قیادت میں بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کرتے دکھائے دیے۔اس کے علاوہ میتھیو ہیڈن نے قومی اسکواڈ کے دبئی میں پہلے ٹریننگ سیشن میں شرکت کی۔قومی ٹیم کو میگا ایونٹ میں اپنے پہلے میچ سے قبل 2 وارپ میچز بھی کھیلنا ہیں جوآج 18 اکتوبر کو ویسٹ انڈیز اور 20 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہوں گے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ دن تین بجے شروع ہوگا۔ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے کوالیفائنگ رائونڈ کے افتتاحی میچ میں عمان نے پاپوا نیوگنی کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے پہلے مرحلے کے پہلے میچ میں میزبان عمان نے پاپوا نیوگنی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،  پاپوا نیوگنی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے، جواب میں عمان نے 130 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔اننگز کے آغاز میں ہی پاپوا نیوگنی کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور اس کی 2 وکٹیں صفر پر گرگئیں تاہم بعد میں آنے والے بلے بازوں نے قدرے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔پاپوا نیوگنی کے اسد والا 56 رنزبناکرنمایاں رہے، انہوں نے تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی۔ان کے علاوہ چارلس امینی نے 37 اور سیسی باؤ نے 13 رنزبنائے۔ عمان کی جانب سے ذیشان مقصود نے 20 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں،کلیم اللہ اور بلال خان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔130 رنز کے ہدف کے جواب میں عمان کے بلے بازوں نے جارحانہ رویہ اختیار کیا اور بغیر کسی نقصان کے 130 رنزکاہدف 14ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ عاقب الیاس اورجتیندر سنگھ نے ناقابل شکست نصف سنچریاں سکور کیں، جتندر سنگھ 73 رنزبناکر ٹاپ سکورر  رہے جبکہ عاقب الیاس نے 50  رنز کی اننگز کھیلی۔عمان کے کپتان ذیشان مقصود کو عمدہ بولنگ پر پلیئرآف دی میچ قرار دیا گیا۔اس سے قبل عمان کے کپتان ذیشان مقصود کا ٹاس جیت کر کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی پر خوشی محسوس کر رہے ہیں۔دوسرے میچ میں سکاٹ لینڈ نے بنگلہ دیش کیخلاف اپ سیٹ کرتے ہوئے 6 رنز سے شکست دے دی۔بنگلہ دیشی کپتان محمود اللہ ریاض نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ سکاٹ لینڈ نے  9 وکٹوںپر 140 رنز بنائے۔52 رنز پر سکاٹ لینڈ کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی تھی جس کے بعد کرس گریوز اور مارک واٹ نے ذمہ درانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور 140 رنز تک پہنچایا۔کرس گریوز 45، جیورج مونسے 29 اور مارک واٹ 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ مہدی حسن نے 3، شکیب الحسن اور مستفیض الرحمان نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔141 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش ٹیم7 وکٹوں پر 134 رنز بناسکی ۔ مشفیق الرحیم 38 اور کپتان محموداللہ 23 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔بریڈ ویل نے 3 اور کرس گریوز نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔کرس گریوز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ 

ای پیپر-دی نیشن