فیروز والا‘ شہریوں کے تشدد سے زخمی ڈاکو دم توڑ گیا‘ لواحقین کی تھانے میں توڑ پھوڑ
فیروزوالہ+شیخوپورہ (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ رنگیاں چنگیاں کے قریب شہریوں نے ڈکیتی کی واردات کے دوران تین ڈاکوئوں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا، زخمی حالت میں انہیں پولیس فیکٹری ایریا کے حوالے کردیا۔ ایک زخمی ڈاکو ثقلین علی ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ ہلاکت کی اطلاع ملنے پر لواحقین نے تھانہ فیکٹری ایریا کے اندر داخل ہو کر ایس ایچ او، محرر، فرنٹ ڈیسک کے کمرے کے شیشے اور کمپیوٹر توڑ ڈالے۔ مظاہرین نے تھانے کے باہر شیخوپورہ روڈ پر ٹریفک جام کر دی اور گاڑیوں کو روک کر توڑ پھوڑ کی۔ اخباری رپورٹر کی گاڑی کے بھی شیشے توڑ دیئے۔ پولیس کی بھاری نفری نے حالات پر قابو پالیا۔ ڈی پی او شیخوپورہ چوہدری احسن سیف اللہ نے کہا کسی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ علاقہ کی صورتحال بہتر رکھنے کے لیے مزید نفری تعینات کر دی گئی۔ بتایا گیا ہے چند روز قبل شہریوں نے ڈکیتی کی واردات کے دوران ثقلین اور اس کے دو ساتھیوں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد میں انہیں پولیس کے حوالے کیا۔ پولیس نے زخمی ڈاکو کو طبی امداد کے لیے ہسپتال داخل کرایا مگر زیرعلاج رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔ مظاہرین نے تھانے میں توڑ پھوڑ کی۔ کھڑی گاڑی بھی توڑ ڈالیں۔ روزنامہ نوائے وقت کے رپورٹر شہزادہ خالد اپنی گاڑی پر لاہور سے شیخوپورہ جا رہے تھے جب وہ تھانہ کے سامنے پہنچے تو مظاہرین نے ان کی گاڑی کو روک کر اس کے شیشے توڑ دیئے۔ فیکٹری ایریا پولیس نے اس واقعہ کی رپورٹ درج کر لی۔ لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کے پولیس نے ہمارے بیٹے کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔