سموگ پھیلنا شروع‘ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں نمبر ون
لاہور (نیوز رپورٹر) لاہور کی فضا میں سموگ پھیلنا شروع ہو گیا ہے۔ جس کے بعد صوبائی دارالحکومت کی فضاء انتہائی خطرناک ہوگئی اور یہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا۔ فضائی آلودگی کی اس خطرناک صورتحال کے پیش نظر صوبہ پنجاب میں سموگ پر قابو پانے کے لیے دفعہ 144نافذ کی جا چکی ہے۔ جس کے تحت فصلوں کی باقیات ‘ ٹائر اور ربڑ کی مصنوعات جلانے پر پابندی ہوگی۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹی فکیشن بھی جاری کیا ہوا ہے۔ لاہور کی فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 190 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔ ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر رہا جہاں آلودہ ذرات کی مقدار 159 پرٹیکیولیٹ میٹرز رہی۔ ایئر کوالٹی انڈیکس میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کے آلودہ شہروں میں ممبئی دوسرے اور نئی دہلی تیسرے نمبر پر موجود رہے۔