• news

سونامی نے عوام کو گھروں کے سامان کی نیلامی پر مجبور کر دیا: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سونامی نے عوام کو گھروں کے سامان کی نیلامی پر مجبور کر دیا۔ جان لیوا مہنگائی کی نئی لہر پر وفاقی وزراء شرمندگی کی بجائے عوام کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ نااہل حکومت کی وجہ سے مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن یک بارگی عوام پر حملہ آور ہیں۔ آئی ایم ایف کی غیر مشروط غلامی نے حکومت کو بے وقار کر دیا ہے۔ وزیراعظم آئی ایم ایف کی ہدایت پر عوام کے خون پسینے سے  کمائی گئی ایک ایک پائی نچوڑنا چاہتے ہیں۔ حکمرانوں کی بے تدبیریوں کی وجہ سے ملک افراتفری کا شکار ہو چکا ہے۔ عالم اسلام کی امیدوں کا محور پاکستان غلط پالیسیوں کی وجہ سے روبہ زوال ہے۔ نوجوان مایوسی کی بجائے جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے ظالم حکمرانوں کے خلاف جدوجہد کا آغاز کریں۔ اسلام آباد میں 31 اکتوبر کو بے روزگار نوجوانوں کا احتجاج ملک میں  فیصلہ کن حکومت مخالف تحریک کی بنیاد بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں مرکزی یوتھ بورڈ کے اجلاس، تیمرگرہ میں قرآن کلاس کی اختتامی تقریب اور تعزیتی پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر العظیم، زبیر احمد گوندل،  طارق سلیم، مولانا اسماعیل، نصراللہ رندھاوا، عارف شیرازی سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے احتجاجی پروگرام کی اب تک ہونے والی تیاریوں کی رپورٹس کی تحسین کی۔

ای پیپر-دی نیشن