• news

مظفر گڑھ میں گھر کو آگ لگا دی، 7افراد زندہ جل گئے

مظفرگڑھ (نامہ نگار +تحصیل رپورٹر) پیر جہانیاں کے علاقے میں گھر میں آتشزدگی کے باعث 7 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق مظفرگڑھ کے علاقے پیر جہانیاں میں گھر میں آتشزدگی کے باعث 7 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے، جن کی نعشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک مرد، 2  خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 18 سال سے  2 ماہ کے درمیان ہیں۔ پولیس کے مطابق ورثا کے مطابق گھر کے ایک رہائشی محبوب عرف کالا نے 18 ماہ قبل روہیلانوالی کے علاقے ماہرہ میں فوزیہ بی بی سے پسند کی شادی کی تھی، آتشزدگی کا واقعہ بھی مبینہ طور پر محبوب عرف کالا کے سسرالیوں کی کارروائی ہے۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے گئے ہیں، جس میں پیٹرول کی خالی بوتل بھی شامل ہے۔ نعشوں کے پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد محبوب عرف کالا کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ایف آئی آر میں مدعی محبوب نے پولیس کو بیان دیا کہ اس نے پسند کی شادی فوزیہ بی بی سے کی تھی جس کی رنجش پر سسر اور سالے نے رات کو مکان کو آگ لگا دی جس سے 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ملزمان منظور حسین اور صابر حسین کو گھر کی پچھلی جانب سے دوڑتے ہوئے دیکھا اور ان کو شناخت کر لیا۔ محبوب نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ان کا منظور حسین سے وٹے سٹے کا رشتہ تھا اور انہوں نے فوزیہ بی بی سے پسند سے شادی کی تھی جس کی وجہ سے ملزمان کو رنج تھا، ہمارا ان سے اکثر جھگڑا رہتا تھا اور اسی وجہ سے انہوں نے ہمارے گھر کو آگ لگائی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں فوزیہ بی بی اور ان کا چار ماہ کا بیٹا احمد علی، خورشید مائی، ان کے شوہر فاروق اور اس کے تین بیٹے شامل ہیں۔ پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے جبکہ نعشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ غازی خان سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مرنے والے ساتوں افراد کی تدفین ملتان میں ان کے آبائی قبرستان میں کردی گئی۔ اس موقع پر کافی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

ای پیپر-دی نیشن