سو نامی بر بادی حکومت آئی ایم ایف کی چوکیدار ، پی پی ، جماعت اسلامی کے مہنگائی کیخلاف مظاہرے جاری
لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، حافظ آباد (نوائے وقت رپورٹ، نمائندگان، خصوصی نامہ نگار) پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شہر شہر مظاہرے جاری ہیں۔ جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن نے کئی شہروں میں احتجاج کیا جبکہ سماجی تنظیمیں بھی میدان میں آگئیں اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ پریس کلب لاہور کے باہر جماعت اسلامی نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی۔ حکومت مخالف نعرے بازی کی گئی۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ اس حکومت کا وعدہ تھا کہ مہنگائی کو کم کریں گے، اس وقت یہ سونامی پاکستان کی بربادی بن چکی ہے، عمران خان کی حکومت نے قوم اور ملک کو تباہ کر دیا ہے، پٹرول ، بجلی ،چینی، گھی ،آٹا کی قیمتوں میں اضافہ واپس کیا جائے ۔ ظالمانہ اقدامات واپس نہ لئے گئے تو یہ احتجاج بڑھے گاجبکہ 31 اکتوبر کو عوام جماعت اسلامی کے ساتھ اسلام آباد پہنچیں گے۔ سرگودھا میں بھی بڑھتی مہنگائی کے خلاف جیالے سڑکوں پر آ گئے۔ پیپلزپارٹی کے زیراہتمام پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جماعت اسلامی یوتھ اور غربی لاہور کے زیر اہتمام پریس کلب کے باہر امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہدکی قیادت میں،نائب امراء جماعت اسلامی لاہور چوہدری محمود الاحد، ملک شاہد اسلم، ضیاء الدین انصاری، امیر غربی لاہور عبدالعزیز عابد، صدر جے آئی یوتھ لاہور عبداللہ ایڈووکیٹ بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ تبدیلی سرکار اپنی عوام دشمن پالیسیوں سے تباہی سرکار بن چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے سامنے مکمل طور پر سرنگوں ہو چکی اور اس کے ایما پر عوام کو مہنگائی کے عذاب میں مبتلا کر رہی ہے۔ موجودہ حکومت کے پاس نہیں اس کا گھر جانا ہی ملک و قوم کے مفادات میں ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ضلع نارووال کا نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاج مظاہرہ کیا۔ مظاہرین ’’گو نیازی گو اور مک گیا تیرا شو نیازی گو نیازی گو نیازی‘‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔ سابق وفاقی وزیر مملکت ممبر سی ای سی و ڈویژنل صدر پاکستان پیپلزپارٹی ساہیوال مہر غلام فرید کاٹھیا نے مہنگائی و بیروزگاری کیخلاف نکالی گئی ریلی کی قیادت کی۔ پاکپتن پیپلزپارٹی کا احتجاج، مظاہرین کی ہاتھوں میں روٹیاں اٹھا کر حکومت کیخلاف نعرہ بازی۔ چیچہ وطنی پریس کلب کے باہر پاکستان پیپلز پارٹی کے انفار میشن سیکرٹری وسط پنجاب شہزاد سعید چیمہ نے کہا ہے کہ سلیکٹیڈ حکومت عوام پر کسی عذاب سے کم نہیں۔ آئی ایم ایف کے حکم پر نالائق حکومت پاکستانی عوام کا خون نچوڑ رہی ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی سٹی گوجرانوالہ کے زیر اہتمام پریس کلب گوجرانوالہ کے باہر مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی‘ریلی کی قیادت صدر گوجرانوالہ ڈویژن میاں اظہر حسن ڈار، صدر سٹی گوجرانوالہ میاں ودود حسن ڈار اور جنرل سیکرٹری سٹی خالد حسین باجوہ نے کی۔ احتجاجی ریلی جی ٹی روڈ سے شروع ہو کر پریس کلب پہنچی اور نیازی حکومت کی عوام کش پالیسیوں کے خلاف اور روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی۔ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے سابق ایم پی اے اور ضلعی صدر ملک محمد وزیرا عوان کی قیادت میں کمر توڑ مہنگائی کے خلاف حافظ آباد کسوکی روڈ سے احتجاجی ریلی نکالی۔ بعدازاں کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے پہنچ کر بھوک ہڑتالی کرتے ہوئے دھرنا دیئے رکھا۔ سکھر میں بچوں کا مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج‘ ہاتھوں میں روٹیاں اٹھا کر مہنگائی ختم کرو ختم کرو کی نعرے بازی۔ عوامی رکشہ یونین پاکستان کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کہاہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل ہے کہ مہنگائی پر سوموٹو ایکشن لیں۔ پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافہ واپس کروائیں۔ مزدوروں اور غریبوں کو آپ سے بڑی امیدیں ہیں۔ ماہ ربیع الاول میں لوگ جشن آمد رسول کے جلوس نکالتے تھے۔ اب مہنگائی کے خلاف نکال رہے ہیں۔ پٹرول کی قیمتو ں میں اضافے سے رکشہ ڈرائیوروں کو کرایہ بھی بڑھانا پڑے گا۔ کرایہ بڑھنے سے رکشے میں سفر کرنے والی سواری کم ہو جائے گی۔ جس کی وجہ سے آمدن میں مزید کمی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ٹھوکر نیاز بیگ چوک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔