ڈالر 1.70 روپے اضافے کیساتھ 173.50 روپے سونا 1700 روپے تولہ مہنگا
لاہور/ کراچی (کامرس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر مزید 1.60روپے مہنگا ہو گیا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 172 روپے78 پیسے کا ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت فروخت میں 1.70روپے کا اضافہ ہوا اور اس کی قیمت فروخت 173.50روپے ہو گئی۔ رواں مالی سال میں اب تک انٹر بینک میں 13.91روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1700 روپے کا غیر معمولی اضافہ ہو گیا جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 4 ڈالر کی کمی ہوئی۔ قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں کراچی‘ حیدر آباد‘ سکھر‘ ملتان‘ لاہور‘ فیصل آباد‘ راولپنڈی‘ اسلام آباد‘ پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد ایک لاکھ 19 ہزار 700 روپے کی سطح پر پہنچ گئی‘ جبکہ فی دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد ایک لاکھ 2 ہزار 623 روپے کر دی گئی۔