• news

پی ڈی ایم کا کل سے مہنگائی کیخلاف ملک گیر احتجاج ، ریلیوں کا اعلان 

اسلام آباد (خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ) پی ڈی ایم نے 20 اکتوبر سے مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج اور ریلیوں کا اعلان کر دیا۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 20 اکتوبر سے پورے ملک میں مظاہرے شروع کر دیئے جائیں گے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اجلاس میں نیب ترمیمی آرڈیننس کو مکمل طور پر مسترد کر دیا گیا۔ نیب کا ادارہ آمریت کی باقیات میں سے ہے۔ نیب ہمیشہ اپوزیشن کے خلاف سیاسی انتقام کے طور پر استعمال ہوا۔ نیب سے بلا امتیاز احتساب کی کوئی توقع نہیں ہے۔ انتخابی اصلاحات کو مسترد کرتے ہیں۔ الیکٹرونک ووٹنگ مشین آر ٹی ایس کا دوسرا نام ہے۔ انتخابی اصلاحات کی مجوزہ ترمیم کو مسترد کرتے ہیں۔ دھاندلی سے آنے والی حکومت ترمیم نہیں کر سکتی۔ ہمارا مطالبہ عام الیکشن کا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کا کوئی جواز نہیں۔ دھاندلی سے آئی حکومت کو شفاف انتخابات کا فارمولہ دینے کا حق نہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ سرحد پر عوام متاثر ہو رہے ہیں۔ افغانستان اور ایران کے ساتھ بارڈرز کو بند کر دیا گیا ہے۔ افغانستان اور ایران کے ساتھ تجارت کیلئے بارڈرز فوری طور پر کھول دیئے جائیں۔حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ مولانا فضل الرحمنٰ اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو‘ مشاورت کے بعد کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے فیصلہ کیا کہ پاکستان کی عوام اس بڑھتی معاشی دہشت گردی‘ مہنگائی کو مزید برداشت نہیں کر سکتی۔ اس ناانصافی کے خلاف بھرپور احتجاج شروع کیا جائے۔ مسلم لیگ ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا سربراہی اجلاس منعقد ہوا جس میں میاں نواز شریف، شہباز شریف، اختر جان مینگل سمیت تمام قائدین اجلاس میں شریک ہوئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں ابھی احتجاج کا شیڈول بنانا ہے۔ ریلیوں کا آغاز ہو جائے گا۔ مظاہرے ہوں گے، پہیہ جام ہڑتالیں ہوں گی اور لانگ مارچ تک معاملات جائیں گے۔ سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ پی ڈی ایم کسی سرکاری معاملات میں مداخلت نہیں کر رہی اور صرف اور صرف ملک میں جمہوری اور آئینی نظام چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تو حکومت کے پاس ایسا کوئی تعویز نہیں کہ وہ قیمت کم کر سکیں اور عمران خان کے اپنے فارمولے کے مطابق وہی سب سے بڑے چور نظر آ رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن