• news

علماومشائخ لوگوں کو سیرت النبیؐ پر عملدرآمد ، اسوہ حسنہ اپنانے کی ہدایت کریں : عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ علماء اور مشائخ کا احترام ہماری روایات کا حصہ ہے۔ علمائے کرام کے فیوض و برکات کا فیضان ہے کہ اللہ تعالیٰ مشکلات کو آسان فرما دیتے ہیں۔ قیام پاکستان سے قبل اور قیام پاکستان کے بعد علماء اور صوفیاء کرام نے دین کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دیں۔ علماء و مشائخ نے ملک و قوم کو جب بھی ضرورت پڑی اپنی خدمات پیش کیں اور مشکل حل کرنے کے لئے بھرپورکردار ادا کیا اور آج ہم یہاں ایک عظیم مقصد کیلئے موجودہیں۔ عشرہ شان رحمت للعالمینؐ منانے کا مقصد دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے محبوب اور ہمارے پیارے نبی کریم حضرت محمدؐ سے ہماری محبت ہر خوف سے بالاتر ہے۔ نبی کریم ؐ کی ذات اقدس کو اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں صفاتی ناموں کے ساتھ بیان کیا اور تاقیامت ان کے ذکر کوبلند کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ اللہ کے نبیؐ کی شان اور ذکر ہمیشہ بلند تھا، ہے اور رہے گا۔ حضرت محمدﷺ کی عظمت انسانی فہم و فراست سے بالاتر ہے۔ سورہ آل عمران میں اللہ تعالیٰ نے خود فرما یا کہ ’’درحقیقت اللہ تعالیٰ نے اہل ایمان پر یہ بہت بڑا احسان کیا ہے کہ ان کے درمیان خود انہی میں سے رسولؐ مبعوث فرمایا جو اللہ تعالیٰ کی آیات انہیں سناتا ہے اوران کا تزکیہ کرتا ہے اور انہیں کتاب و حکمت کی تعلیم دیتا ہے‘‘۔ وہ محکمہ اوقاف حکومت پنجاب کے زیر اہتمام عشرہ شان رحمت للعالمینؐ کے سلسلے میں عالمی مشائخ و علماء کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عشرہ شانِ رحمت للعالمینؐ کے سلسلے میں عالمی مشائخ و علماء کانفرنس کاانعقاد خوش آئند ہے۔ یہ شان رحمت للعالمینؐ کیلئے حکومتی سطح پر عاجزانہ کاوشوں کا آغاز ہے اور میں آپ کو یقین دلاتا ہو ں کہ آئندہ ہر برس عشرہ شان رحمت للعالمینؐ پہلے سے زیادہ تزک و احتشام سے منایا جائے گا۔ وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے پہلی مرتبہ ملک بھر میں سرکاری سطح پرعشرہ شانِ رحمت للعالمینؐ منانے کی شاندار روایت کا آغاز کیا۔ ان شاء اللہ شان رحمت للعالمینؐ منانے کی شاندار روایت کومزید آگے بڑھائیں گے۔ میری مشائخ عظام اور علمائے کرام سے استدعا ہے کہ آپ لوگ محراب و منبر کے امین ہیں۔ محراب و منبر کے ذریعے نبی کریمؐ کا ذکر خوب بلند کیجئے اور لوگو ں کو سیرت النبیؐ پر عمل اور اسوۂ حسنہؐ  اپنانے کی ہدایت وتلقین کیجئے۔ عثمان بزدار نے سیرت طیبہ پر کتابیں لکھنے اور نعت خوانی کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں نقد انعامات اور ایوارڈز تقسیم کئے اور کانفرنس کے آخر میں خصوصی دعا کرائی گئی۔ عثمان بزدار نے معروف کالم نویس ، شاعر و دانشور اجمل نیازی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے عید میلاد النبیؐ کے پرمسرت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دی ہے اور اپنے پیغام میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمدؐ خاتم النبیین اور رحمت للعالمینؐ ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت محمدؐ  کو تا قیامت تمام انسانو ں کی رہنمائی اور کامیابی کیلئے مبعوث فرمایا۔ حضرت محمدؐ کی نبوت اہل ایمان کیلئے اللہ تعالیٰ کا بہت بڑا احسان ہے۔ رسول اللہؐ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی جزو ہے۔ حضرت محمدؐ سے محبت کا عملی تقاضا ان کی سیرت اور احکامات کی پیروی کا متقاضی ہے۔ سیرت النبیؐ  کو پورے طور پر اپنانا ہی اللہ کے نبیؐ سے محبت کا حقیقی طریقہ ہے۔ نبی کریمؐ پوری کائنات کیلئے محسن بن کر آئے۔ عثمان بزدارنے قذافی سٹیڈیم سنٹرل پنجاب سکولز کرکٹ چیمپئن شپ کا فائنل میچ دیکھا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے شائقین کرکٹ کے نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔ عثمان بزدار سے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فلاح عامہ کیلئے کئے گئے حکومتی اقدامات کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اپوزیشن بے بنیاد پراپیگنڈا کرکے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی۔ حکومت کو عوام کے مسائل کا احساس ہے اور ان شاء اللہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔ عثمان بزدار نے شجاع آباد میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیراعلیٰ نے کوئٹہ میں سریاب روڈ پر دھماکہ کی شدید مذمت کی ہے اور جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکار کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دھماکے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور دیگر افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن