کھانے پینے کی اشیا پر ٹیکس کم کرنیکا فیصلہ
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی حکومت نے کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں پر ٹیکس کم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مہنگائی اور معاشی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں انہیں مہنگائی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، جب کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پر گفتگو ہوئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں پر ٹیکسز کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے وفاقی وزراء کو پرائس کنٹرول کمیٹیوں پر عمل درآمد کے لئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزراء اپنے حلقوں میں مصنوعی مہنگائی پر نظر رکھیں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لینے کا حکم دیا۔