• news

آرمی چیف کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ ، امریکی ناظم الامور کی ملاقات

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی ناظم الامور سے ملاقات میں کہا ہے  کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دیرپا اور مستحکم تعلقات کا خواہش مند ہے۔ افغانستان میں انسانی بحران سے بچاؤ کیلئے عالمی برادری کردار ادا کرے۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر کی ملاقات میں باہمی دلچسپی، افغان سکیورٹی اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوران ملاقات آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ روایتی باہمی روابط کا خواہاں ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے زور دیا کہ افغان عوام کی اقتصادی بہتری کیلئے ٹھوس کوششوں کی ضرورت ہے۔ امریکی ناظم الامور نے افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے پاکستان کی خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا ہر سطح پر پاکستان سے سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔  پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر پہنچنے پر ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف کو ملکی داخلی اور افغانستان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے ادارے کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن