وزیراعظم کا آرمی چیف کیساتھ دورہ این سی او سی ، کرونا کیخلاف کارکردگی کو سراہا
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے این سی او سی کا دورہ کیا۔ این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر ڈی جی این سی او سی میجر جنرل آصف محمود گورایہ نے کووڈ19 کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات، ویکسین اور آئندہ کی حکمت عملی پر بھی بریفنگ دی۔ این سی او سی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے عوام کی حفاظت کے لیے کرونا کیخلاف این سی او سی اور تمام وفاقی یونٹس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سٹیک ہولڈرز لازمی ویکسینیشن مہم اور ضروری این پی آئی کے نفاذ کے لیے زیادہ کوششیں کریں۔ وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان کو ریٹائرمنٹ پر این سی او سی یادداشت بھی پیش کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بلوچستان کے سیاسی بحران پر مشاورت کی گئی۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے جاپان کیساتھ معاشی، تجارتی، ترقی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جاپان کے ساتھ باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان میں جاپان کے سفیر کونینوری متسودا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ نئی افغان انتظامیہ کے ساتھ مثبت رابطے رکھیں، فوری انسانی امداد بحال اور افغانستان کے منجمد اثاثوں کی ریلیز سمیت اقتصادی تباہی کو روکنے کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے قومی مفاہمت اور ایک جامع سیاسی ڈھانچے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ جاپانی سفیر نے، جاپان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کی حمایت میں اہم کردار ادا کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔