• news

 جشن عید میلادالنبیؐ: پیر نقیب الرحمن سے رمیزہ نظامی کی ملاقات

لاہور (نیوز رپورٹر) درگاہ عالیہ عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمد نقیب الرحمن سے ایم ڈی نوائے وقت گروپ رمیزہ مجید نظامی کی جشن عید میلاد النبیؐ کے سلسلے میں ملاقات ہوئی جس میں درگاہ عالیہ عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمد نقیب الرحمن نے ملک کی سلامتی کے ساتھ نوائے وقت گروپ کے ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ایم ڈی رمیزہ مجید نظامی کے لئے بھی نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پیر محمد نقیب الرحمن کا کہنا تھا کہ ربیع الاول کا ماہ امت مسلمہ کے لئے ایک سبق اور راہ ہدایت کا مہینہ ہے، کیونکہ ہمارے پیارے نبی ؐاسی مبار ک مہینے میں دنیا میں تشریف لائے اور پوری دنیا کو  ہدایت سے منور کیا۔ اس موقع پر رمیزہ مجید نظامی کا کہنا تھا کہ ربیع الاول کا ماہ مسلمانوں کے لئے ایسا پیغام دیتا ہے جس میں رواداری، حسن اخلاق اور احترام انسانیت کا سبق پنہاں ہے کیونکہ سیرت محمدؐ  کی پوری زندگی انہیں کے گرد گھومتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں علمائے کرام کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے کیونکہ امت کو متحد کرنے میں سب سے اہم کردار علمائے کرام کا ہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن