مہنگائی کیخلاف احجاج شروع ، راولپنڈی میں ریلی ، کل تمام اضلاع میں مظاہروں کا اعلان
اسلام آباد/ راولپنڈی / سرگودھا (خبر نگار + ایک سٹاف رپورٹر سے + جنرل رپورٹر + خصوصی رپورٹر) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے راولپنڈی سے احتجاجی تحریک کا آغاز کر دیا۔ مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف پاکستان مسلم لیگ (ن) کا پہلا احتجاجی مظاہرہ راولپنڈی میں ہوا۔ مظاہرہ کی قیادت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب‘ سابق ایم این اے حنیف عباسی‘ سردار نسیم اور ملک ابرار نے کی۔ احتجاجی مظاہرے کے دوران مسلم لیگ (ن) کے کارکنان پولیس کی طرف سے رکاوٹیں ہٹا کر مری روڈ پہنچ گئے اور مری روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ جبکہ پی ڈی ایم کے اعلان کے مطابق اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں کے کارکنوں نے ملک میں مہنگائی کے خلاف حکومت کے خلاف راولپنڈی پریس کلب کے باہر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں جے یو آئی (ف) اور مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے کے دوران حکومت کے خلاف آٹا چور‘ بجلی چور اور گیس چور حکومت کے نعرے لگائے گئے۔ مسلم لیگ (ن) کی خواتین کارکنان نے مری روڈ پر دھرنا دیدیا۔ سرگودھا سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سرگودھا میں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام بڑھتی ہوئی مہنگائی کیخلاف بھرپور احتجاج کرتے ہوئے شہریوں نے شدید نعرے بازی کی۔ اسلام آباد سے خبر نگار کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کے اعلی سطحی اجلاس میں عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے راست اقدام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب، پارٹی کے چاروں صوبائی، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)نے ملک گیر احتجاج کے لیے ریلیوں، جلوسوں اور مظاہروں کے پروگرام کو حتمی شکل دیدی ہے۔ چاروں صوبوں اور اضلاع میں پارٹی عہدیداروں کو احتجاج کی کال دے دی گئی ہے۔ ملک گیر احتجاج کے حوالے سے اجلاس میں فیصلے کر لئے گئے ہیں۔ اور مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ راولپنڈی سے اپنے سٹاف رپورٹر سے، جنرل رپورٹر کے مطابق پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت نے قوم کے نجات دہندہ کا کردار ادا کرتے ہوئے 20اکتوبر سے5نومبر تک ملک بھر میں 15روزہ احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب، سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عبا سی، میئر راولپنڈی سردار نسیم، ڈویژنل صدر ملک ابرار احمد، جے یو آئی کے ضلعی امیر مولانا ڈاکٹر ضیاء الرحمان، مولانا عبدالغفار توحیدی، قاری کرامت الرحمان، پروفیسر زبیر عباسی، ارشد عباسی، مولانا ظہیر الدین امازئی، مسلم لیگ ن کے رہنما بیرسٹر دانیال چوہدری، سابق ایم پی ایز ملک افتخار، چوہدری سرفراز، عمر فاروق، چوہدری ریاض ، ایم این اے طاہرہ اورنگ زیب، ایم این اے سیما جیلانی ، ایم پی اے زیب النساء اعوان ، سابق ایم پی اے تحسین فواد، سابق ایم پی اے لبنی ریحان ، شازیہ رضوان، شازیہ ساجد، شائستہ شعیب نے مرکزی قائدین کی کال پر مہنگائی کے خلاف پہلے روز راولپنڈی میں احتجاجی مظاہرے کے دوران کیا۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کی زیرصدارت ڈویژنل اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کل 22 اکتوبر بعداز نماز جمعہ تمام ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرز میں مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے احتجاجی مظاہرے ہونگے۔ احتجاجی مظاہروں میں پارٹی قائدین شرکت کرینگے۔ مقامات کا اعلان آج کیا جائے گا۔