وزیراعلی کا لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ ، ناقص صفائی پر برہم
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ایک بار پھر ان ایکشن، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ سٹاف افسر، سکیورٹی آفیسر اور آفیشل فوٹوگرافر و کیمرہ مین کو بھی ساتھ لے کر نہ گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خود گاڑی ڈرائیو کی اور اکیلے ہی بعض علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ عثمان بزدار نے فیروز پور روڈ، ٹاؤن شپ، جوہر ٹاؤن،گارڈن ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، کالج روڈ، اکبر چوک اوردیگر علاقوں میں صفائی کے انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے بعض علاقوں میں صفائی کی صورتحال بہتر نہ ہونے پربرہمی کا اظہار کیا اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ صفائی کے پلان کی ڈیلی مانیٹرنگ کی جائے اور متعلقہ حکام لاہور شہر کو صاف کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر وزیراعلیٰ آفس 8 کلب روڈ کی جامعہ مسجد میں عید میلادالنبی ؐ کے موقع پر روح پرور محفل کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شرکت کی ۔ص اوقاف پیر سید سعیدالحسن شاہ نے ملک و قوم کی سا لمیت، ترقی، خوشحالی اور امن کے لئے خصوصی دعا کرائی۔ وزیراعلیٰ کا کہناہے کہ نبی کریم ؐ کی ولادت با سعادت کی بابرکت گھڑیاںکائنات کے قیمتی ترین لمحات ہیں ۔12 ربیع الاول کی افضل ترین صبح ازلی سعادتوں اور ابدی مسرتوںکے خوبصورت نور نے پوری دنیا کو منور کر دیا۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے عید میلادالنبیؐ کے موقع پر فیملی کے ہمراہ کاشانہ ویلفیئر ہوم کادورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور ان کی فیملی کاشانہ ویلفیئر ہوم میں مقیم بچیوں کے ساتھ بیٹھ گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بچیوں کو کپڑے، مٹھائی اور دیگر تحائف دیئے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور ان کی فیملی نے تقریباً دو گھنٹے بچیوں کے ساتھ گزارے۔ بچیوں نے عید میلادا لنبیؐ کے روز کاشانہ ویلفیئر ہوم آنے اور ادارے میں سہولتیں بہتر بنانے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور ان کی فیملی کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ میری بیٹیوں کی طرح ہیں۔ بچیوں کی فرمائش پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کاشانہ ویلفیئر ہوم میں مقیم بچیوں کے لئے مری کے تفریحی دورے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ کو لاہور کا مطالعاتی دورہ بھی کرایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب میں پہلی بار کاشانہ ویلفیئر ہوم آیا تو معصوم بچیوں کے لئے ناکافی سہولتیں دیکھ کر دل رنجیدہ ہوا۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اب کاشانہ ویلفیئر ہوم میں بچیوں کیلئے بہترین سہولتیں موجود ہیں ۔ وزیراعلیٰ ہدایت پر تمام جیلوں کے قیدیوں کیلئے خصوصی کھانے کا اہتمام کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ قیدی بھی ہماری طرح انسان ہیں اور نبی پاکؐ نے خود بھی اپنے عمل سے قیدیوں کے ساتھ حسن سلوک کیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے یونیورسٹیز کے وائس چانسلرزکے وفدنے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے یونیورسٹیز سے متعلقہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عید میلادالنبیؐ کے پرمسرت موقع کی مناسبت سے یونیورسٹیز کے ملازمین اور اساتذہ کے لئے ڈسپیرٹی ریڈیکشن الاؤنس(Disparity Reduction) کی اصولی منظوری دینے کا اعلان کرتا ہوں یونیورسٹیز کے دیگر معاملات کو بھی بہتر بنائیں گے۔ رحمت للعالمین ؐ کی ذات اقدس پر ریسرچ کے لئے 6 یونیورسٹیز میں سیرت چیئرز قائم کر دی ہیں۔ سیرت چیئرز کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے۔ وزیر اعلی سے ملاقات کرنے والوں میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز اختر، وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، وائس چانسلر پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی لاہور پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاکر، وائس چانسلر میر چاکر خان رند یونیورسٹی اوکاڑہ ڈاکٹر محمود سلیم اور وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر نوید اے چودھری شامل تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے 12 ربیع الاؤل کے روز قذافی سٹیڈیم میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئج آرٹس اینڈ کلچر کا دورہ کیا اور عشرہ شان رحمت للعالمینؐ کی مناسبت سے انسٹی ٹیوٹ میں کیلی گرافی نمائش کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ایک آرٹسٹ نے کلمہ طیبہ لکھ کر پاکستان کے نقشے کی تصویر پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج ،آرٹس اینڈ کلچر میں ایف ایم 95 پنجاب رنگ ریڈیو کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایف ایم 95 پنجاب رنگ ریڈیو پر سامعین سے لائیو کالز پر گفتگو کی ’’میں عثمان بزدار بو ل رہا ہوں‘‘ ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو براہ راست سن کرپنجاب رنگ ریڈیو کے سامعین نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سامعین سے ہلکے پھلکے انداز میں پنجاب کی ثقافت، شعر و شاعری اور موسیقی پر گفتگو کی۔ سامعین نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے پسندیدہ شعر سنانے کی فرمائش کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سامعین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زمانہ طالب علمی میں شاعری سے شغف رہا اور بہت کچھ پڑھا لیکن اب سرکاری مصروفیت کی وجہ سے شعر و شاعری کے مطالعہ کیلئے فرصت نہیں ملتی۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ایم 95 پنجاب رنگ ریڈیو کے بعد نان کمرشل ٹی وی نشریات کا بھی جلد آغاز کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے بھارتی بحریہ کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوںکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کے عزائم ناکام بنانے پر پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ پاک بحریہ کے جانبازوں نے پاکستان کی سمندری حدود کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک ارادوں کوخاک میں ملایا۔سمندری دراندازی کی ناکام کوشش کر کے بھارت نے اپنا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے پھر بے نقاب کیا۔ بزدل دشمن سن لے کہ پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ وطن عزیز کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔