• news

مہنگائی پر تمام اپوزیشن جماعتیں حکومت کیخلاف ایک ہوگئیں 

لاہور (فاخر ملک) مہنگائی کے اہم  ایشو پر پی ڈی ایم کی آٹھ اور اس سے باہر  نکلنے والی دو سیاسی جماعتوں پیپلز  پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی نے علیحد علیحدہ مہم شرو ع کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس نکتہ پر تمام اپوزیشن جماعتیںتحریک انصاف کی حکومت کے خلاف اکٹھی ہو گئیں ہیں۔ پیپلزپارٹی نے 30 نومبر کو پشاور میں بڑی ریلی اور مظاہرہ سے صوبہ خیبر پی کے کے اندر حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ  پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف  مظاہروں اور ریلیوں کا آغاز کر دیا ہے مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق  پنجاب بھر میں بلدیاتی  نمائندوں کو متحرک کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جو ان مظاہروں میں شدت پیدا کرنے کے لئے تحریک کا ہراول دستہ ثابت ہوں گے۔ واضح رہے کہ پنجاب بھر میں بلدیاتی منتخب ہونے والے نمائندوں کی اکثریت کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے۔ دوسری طرف  پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ   شانگلہ، کوہاٹ اور چنیوٹ میں جیالوں کا احتجاج ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں کی ایک کڑی ہے۔ مہنگائی کے خلاف تحریک  شروع ہونے اور  مظاہروں کے ساتھ ساتھ پارلیمانی سطح پر بھی رابطوں میں تیزی آ گئی ہے۔ اس ضمن میں بتایا گیا ہے کہ پارلیمانی سطح پر موجودہ صورتحال میں حکومت پر دبائو بڑھانے سے حکومت  مخالف تحریک کو تقویت ملے گی۔ اس مقصد کے لئے تحریک انصاف کی پنجاب اور وفاق میں حکومت گرانے کے لئے بعض سیاسی عناصر سرگرم ہو گئے ہیں۔ اس تجویز کے حامی ارکان کا کہنا ہے کہ  حکومت پر دبائو بڑھانے سے نئے الیکشن کی راہ ہموار ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن