دہشتگردی : باجوڑ میں 4 ہنگو اور کیچ میں ایک ایک اہلکار شہید
باجوڑ‘ اسلام آباد‘پشاور (نامہ نگار‘ خبر نگار خصوصی‘ بیورو رپورٹ) باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں چار سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق بدھ کے شام چھ بجکر پندرہ منٹ پر ضلع باجوڑ کے تحصیل وڑ ماموند کے علاقہ تیر بانڈگئی میں پولیس فورس اور ایف سی کی گشتی گاڑی پر دھماکہ اس وقت ہوا جب وہ اس سے قبل ہونیوالے ایک اور بم دھماکہ کے تحقیقات کیلئے جارہے تھے کہ اچانک گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے نتیجے چار اہلکار شہید ہوگئے جس میں دو پولیس اہلکار اور دو ایف سی اہلکار ہیں۔ شہید ہونیوالوں میں پولیس ڈرائیور صمد خان ، پولیس کانسٹیبل نور رحمان، ایف سی کے اہلکار جمشید اور مدثر شامل ہیں۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس نے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سہ پہر ساڑھے چار بجے ایک اور بم دھماکہ سویلین گاڑی پر ہوا تھا جس میں دوافراد زخمی ہوگئے تھے جس میں گل محمد اور محمد نور ڈرائیور شامل ہیں۔ شہید پولیس اہلکاروں کا نماز جنازہ پولیس لائن سول کالونی خار میں ادا کی گئی۔ علاوہ ازیں پشاور کے علاقے شاہ پور میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ ہنگو اور کیچ میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگو کے علاقے تھل میں فوجی پوسٹ پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی وقاص شہید ہو گیا۔ شہید سپاہی وقاص کا تعلق مانسہرہ سے تھا۔ بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی محمد فقیر شہید ہو گیا۔ سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیرِ داخلہ رحمان ملک نے ہنگو کے علاقہ ٹل میں سکیورٹی فورسز چیک پوسٹ پر حملے کی شدید مذمت کی۔