پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کو پھر پاکستانی سمندر میں داخلے سے روک دیا
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک بحریہ نے اپنی مسلسل نگرانی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ نشاندہی کرتے ہوئے 16 اکتوبر 2021ء کو ایک بار پھر بھارتی آبدوز کو پاکستانی پانیوں میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ کی جانب سے پاکستان کی سمندری حدود کی مروجہ سکیورٹی ماحول میں سخت نگرانی کی جاتی ہے اور یہ اپنی نوعیت کا تیسرا واقعہ ہے جس میں پی این لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ایئر کرافٹ کے ذریعے بھارتی بحریہ کی آبدوز کا قبل از وقت پتہ لگایا گیا اور اس کا سراغ لگایا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حالیہ واقعہ مادر وطن کی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیے پاک بحریہ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والی بھارتی آبدوز کا پیشگی سراغ لگانے پر پاک بحریہ کو سلام پیش کرتے ہوئے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ بھارت شاید بھول بیٹھاتھا کہ پاک بحریہ بھی دیگر فورسز کی طرح ہمہ وقت مستعد اور چوکس ہے۔ دنیا بھارت کی پاکستان مخالف جارحیت کا نوٹس لے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی نے پاکستان بحریہ کو بھارتی نیوی کے آبدوز پکڑنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان بحریہ پر فخر ہے۔ شہبازشریف نے پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر پاک بحریہ نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، ہوشیاری اور ارض پاک کی سمندری حدود کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہونے کی صلاحیت کا لوہا منوایا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کی آرمی، فضائیہ اور بحریہ نے ارض وطن کے تحفظ کے لئے ہمیشہ شجاعت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی آبدوز کی پاکستانی سمندری حدود میں داخلے کی کوشش ناکام بنانے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بحریہ نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف دشمن کے عزائم کو ناکام کیا بلکہ انہیں بے نقاب بھی کیا۔