بلدیاتی نظام کا فعال ہونا حکمرانوں کی شکست ہے : بینش قمر ڈار
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی ضلعی صدر بینش قمر ڈار اور ضلعی جوائنٹ سیکرٹری و ممبر ضلع کونسل مسز عاصمہ رضوان رانا نے کہا ہے کہ پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے دعوے کرنیوالوں نے اسلامی روایات کی دھجیاں اڑا رکھی ہیں ، اسلام حاکم کو رعایا کی داد رسی کا حکم دیتا ہے اور موجودہ حکمران اسلامی جمہوریہ پاکستان کے عوام کو ہر طرف سے پریشانیوں میں جکڑ چکے ہیں، صحافیوں سے مشترکہ گفتگو کرتے ان خواتین رہنمائوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کا فعال ہونا حکمرانوں کی کھلی شکست ہے جمہوری اداروں کو غیر فعال کرکے حکمرانوں نے آئین پاکستان کی نفی کی اور عوام کو حاصل ہونے والے ریلیف سے محروم کیا، اب پھرسے قوم کو بنیادی مسائل حل ہونے کی امید بندھی ہے مگر یہ اسی وقت ضروری ہے جب بلدیاتی اداروں کو پورا وقت اور اختیار دیئے جائیں جس کیلئے نواز لیگ کی قیادت ہر فورم پر آواز بلند کرے گی ۔