کھیل انسان کو تندرست رکھنے میں معاون ہیں:ملک عمرفاروق
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)معاون خصوصی برائے سپورٹس یوتھ اینڈ آفیئروزیراعلی پنجاب ملک عمرفاروق نے کہا ہے کہ کھیل انسانی جسم کے لیے بے حد مفید ہیں کھیل انسان کو تندرست وتوانا رکھنے کے معاون ثابت ہوتے ہیں،جس شہر میں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں,پنجاب حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے,یونین کونسلز کی سطح پر کھیلوں کے گراونڈکی فراہمی اور سکولز کالجزمیں کھیلوں کے مقابلہ جات کا انعقاد اسی سلسلے کی کڑی ہے۔انہوں نے یہ بات شکرگڑھ کے نواحی قصبہ بارمنگا میں بابا یاداللہ کے عرس کے موقع پرمنعقدہ انٹرنیشنل کبڈی میچ میں بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔معاون خصوصی نے اس موقع پر چیئرمین یونین کونسل ولی پور بورا حاجی اکبر خاں شروانی کی طرف سے کبڈی میچ میں شاندار انتظامات کرنے اور انہیں بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے پر ان کاشکریہ ادا کیا۔معاون خصوصی عمرفاروق نے کبڈی میچ کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔