یورپی یونین کے ارکان پارلیمان کا اظہار اطمینان ہماری کامیابی
محمد اکرم چودھری
lahore1947@gmail.com
پاکستان کو جی ایس پی پلس (GSP+) کا درجہ دلوانے کیلئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کے یورپی یونین میں شامل ممالک کے دورہ کو نہایت مثبت اور تعمیری قرار دیا جا رہا ہے۔ اس دورہ کے دوران گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے گزشتہ دو برس کے دوران جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول کیلئے پاکستان کی کوششوں کو یورپی یونین کے سامنے بھرپور انداز میں اجاگر کیا جس کے نتیجے میں پاکستان کے حوالے سے ایک مثبت تشخص کو فروغ ملا۔
بدھ کے روز وطن واپسی پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا ’’پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول کی غرض سے میرا یورپی پارلیمنٹ برسلز‘ ہنگری کے وزیراعظم کے آفس اور اٹلی کا دورہ نہایت مثبت رہا۔ میں نے ان ممالک کے حکام اور رہنمائوں کے ساتھ پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول‘ باسمتی چاول کے معاملے اور افغانستان کے مسئلے پر بات چیت کی اور یورپی رہنمائوں کی جانب سے ان امور پر پاکستان کی کوششوںکی بھرپور تعریف کی گئی اور اس ضمن میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔ مجھے اٹلی میں مقامی کمیونٹی کے ساتھ کشمیر کے حوالے سے دو پروگراموں میں بھی شرکت کا موقع ملا۔‘‘
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا ’’جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول کیلئے پاکستان نے متعلقہ 27 کنونشز پر قابل ذکر پیش رفت کی ہے۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کے ساتھ ملاقات کرنے والے یورپی پارلیمان کے اراکین نے ان 27 کنونشز پر عملدرآمد کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی حکومت کی دو سالہ کوششوں پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے انہیں ان کنونشز کی حقیقی رو کے عین مطابق قرار دیا۔
گورنر پنجاب نے میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے مزید بتایا ’’ایک خوشحال اور پرامن پاکستان میرا خواب ہے جو اقوام عالم میں سربلند نظر آئے۔ یہ میرا دیرینہ خواب ہے اور میں نے جب سے ہوش سنبھالا ہے‘ میری زندگی کا ایک دن بھی ایسا نہیں گزرا جب میں نے اپنے اس خواب کو عملی شکل دینے کیلئے کوشش نہ کی ہو۔ میں جہاں بھی جائوں پاکستان اور ان کے لوگ ہمیشہ میرے دل میں ہوتے ہیں۔‘‘
گورنرپنجاب نے مزید کہا، ’’کوئی بھی ملک تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی منزل صرف اور صرف احترامِ انسانیت کے بنیادی اصولوں پر عمل پیرا ہو کر، صنعتی امتیاز کا خاتمہ کر کے ، قانون کی پاسداری کو یقینی بنا کر اور سماج کے ہر طبقے کی فلاح و بہبود کویقینی بنا کر ہی حاصل کر سکتا ہے۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا میں نے خواتین ، اقلیتوں، کمزوروں اور غریبوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے لیے ہمیشہ ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔ ’’بطور گورنر پنجاب میں انسانیت کے خلاف جرائم ، خاص طور پر خواتین کے خلاف جرائم پر کڑی نظر رکھتا ہوں تاہم بدقسمتی سے گزشتہ کچھ عرصے سے ایسے واقعات وبائی صورت اختیار کر گئے ہیں۔‘‘
پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول ، مسئلہ کشمیر و اافغانستان کے حل ، اقلیتوں اور انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں پر یورپی یونین کے اراکینِ پارلیمان کا اظہارِ اطمینان ایک بہت اہم کامیابی ہے۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے اپنے دورہ کے آغاز میں برسلز پہنچتے ہی پاکستان کے لئے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول کے لئے بھرپور اور مؤثر کوششوں کا آغاز کر دیا تھا۔ اس دورہ کے دوران میں ان کی ملاقاتیں یورپی پارلیمان کے نائب صدر ڈاکٹر Fabio Marsimo Castaldo کے علاوہ جرمنی ، فرانس اور سپین سے تعلق رکھنے والے یورپی پارلیمان کے نامور اراکین کے ساتھ ہوئیں۔ دورہ برسلز کے دوران گورنر پنجاب نے یورپی پارلیمان کے نائب صدر ڈاکٹر Fabio کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا ۔ گورنر پنجاب نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ یورپی یونین کے دورے میں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے دوران افغانستان میں قیامِ امن و استحکام کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کو سراہا گیا۔ گورنر پنجاب نے یورپی یونین کے اعلیٰ حکام و اراکین کو مقبوضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں پر توڑے جانے والے شدید مظالم پر بھی آواز اٹھائی اور اس حوالے سے یورپی رہنمائوں نے پاکستان کے ذمہ دارانہ کردار کو سراہتے ہوئے مثبت ردِعمل کا اظہار کیا جو اس دورے کی اہم کامیابی سمجھی جا سکتی ہے۔