آٹا ، چینی ، گھی، دال پر بڑا ریلیف، پنجاب میں ہر خاندان کو صحت کارڈ ملے گا: فواد چو ہدری
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر خاندان کو صحت کارڈز کے ذریعے دس لاکھ روپے تک علاج کرانے کی سہولت حاصل ہوگی۔ صحت، تعلیم اور چار بنیادی اشیائے ضرورت آٹا، چینی، دال اور گھی پر بڑا ریلیف لا رہے ہیں۔ بنیادی سیاسی اصلاحات کے بغیر ملک آگے نہیں جا سکتا۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پی کے کے بعد اب پنجاب کا ہر خاندان ہر سال دس لاکھ روپے تک صحت کارڈ کے ذریعے حاصل کر سکے گا۔ اس گیم چینجر پروگرام کے ذریعے اب کوالٹی علاج غریب ترین سے متوسط طبقے تک ہر فرد کو میسر ہو گا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ صحت، تعلیم اور چار بنیادی اشیائے ضرورت آٹا، چینی، دال اور گھی پر بڑا ریلیف لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ پروگرام پنجاب میں دسمبر سے شروع ہوگا اور مارچ تک پورے پنجاب میں صحت کارڈز مل جائیں گے۔ صحت کارڈ عوام اپنی مرضی کے کسی بھی ڈاکٹر یا ہسپتال میں استعمال کر سکیں گے۔ سرکاری ہی نہیں پرائیویٹ ڈاکٹر اور ہسپتال بھی اب عوام کے علاج کیلئے بلامعاوضہ میسر ہوں گے۔ اپنے ایک اور ٹویٹ میں وفاقی وزیر ابلاعات نے کہا کہ فیک نیوز کے حوالے سے قانون بنا کر کابینہ کے حوالے کر دیا ہے، 2018 سے کہہ رہا ہوں کہ بنیادی سیاسی اصلاحات کے بغیر ملک آگے نہیں جا سکتا، میڈیا اور عدالتی اصلاحات لازمی ہیں۔