• news

پاکستان،بھارت کرکٹ ٹاکرآج،جوش وخروش عروج پر،ضرور جیتیںگے:عمران

لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی ورلڈ کپ میں آج دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان دن تین بجے شروع ہوگا ۔ دوسرے میچ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں شام سات بجے مد مقابل ہونگی ۔ پاکستان نے بھارت کیخلاف میچ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کردیا ۔12 رکنی ٹیم کا اعلان کپتان بابراعظم کی جانب سے کیا گیا ہے جس میں سے میچ سے قبل 11 کھلاڑی منتخب کیے جائیں گے۔ 12 کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم ‘وکٹ کیپر محمد رضوان، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، حیدر علی، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف شامل ہیں ۔ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف میچ کیلئے وزیراعظم عمران خان نے بھی گرین شرٹس کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ٹیم میں ٹیلنٹ موجود ہے اور ٹیم بھارت کیخلاف کامیاب ہو گی۔عمران خان نے کہا کہ دعا ہے قومی ٹیم بھارت کو شکست دے، ان شاء اللہ بھارت سے ضرور جیتیں گے۔ پوری دنیا کے شائقین نے نظریں پاکستان بھارت میچ پر جمالیں ، پاکستانی شائقین کو نتیجہ ماضی کے اعداد و شمار اور تاریخ کے برعکس آنے کی امید پیدا ہوگئی ۔ شائقین میں زبردست جوش و خروش پایا جاتاہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک 8 مرتبہ آمنے سامنے آئیں جس میں پاکستان صرف ایک بار فاتح رہا۔شائقین پْرامید ہیں کہ اس بار پاکستان ٹیم بہترین کھیل پیش کرکے تمام اعداد و شمار کو رد کریگی اور کامیابی اپنے نام کرلے گی۔سپر 12کے افتتاحی میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔ ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کی جانب سے دیا جانے والا119 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ 35 رنز کیساتھ نمایاں رہے، گلین میکسویل 18 رنز پر سوئچ ہٹ کے چکر میں وکٹ گنوا بیٹھے، ڈیوڈ وارنر 14 اور مچل مارش 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔کپتان ایرون فنچ بغیر کوئی رن بنائے نورتجی کی گیند پر ربادا کو کیچ دے بیٹھے۔ نورتجی نے دو وکٹیں حاصل کیں،کاگیسو ربادا، تبریز شمسی ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔ جنوبی افریقہ نے 9 وکٹوں پر 118 رنز بنائے ، اوپنر ایڈن مارکرم کے 40 اور کاگیسو ربادا کے 19 رنز کے علاوہ کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔جوش ہیزل ووڈ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ دوسرے میچ میں انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔انگلش بائولرز نے ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑادیے ‘ کرس گیل 13 رنز کیساتھ نمایاں  رہے۔ٹیم 15 اوورز میں55 رنز پر ڈھیر ہوگئی جو ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں اس کا سب سے کم سکور ہے۔ عادل رشید نے 4، معین علی نے 2، ٹیمل ملز نے 2، کرس جورڈن اور کرس ووکس نے ایک ایک وکٹ لی۔ 56 رنز کا ہدف انگلینڈ نے 4 وکٹوں پر 9ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا، جوز بٹلر 24 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔عقیل حسین نے 2 جبکہ روی رامپال نے ایک وکٹ لی۔ معین علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ 

ای پیپر-دی نیشن