• news

سکھر جیل سے رہا کبھی کرپشن کے قریب بھی نہیں گیا:خورشید شاہ


سکھر (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے دو سال سے اسیر رہنما خورشید شاہ کو سینٹرل جیل سے رہا کردیا گیا۔ خورشید شاہ آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں 25 ماہ سے قید میں تھے، انہیں نیب نے 2019 میں اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔ دو روز قبل سپریم کورٹ نے خورشید شاہ کی ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کئے تھے جس کے بعد پی پی رہنما کے بیٹے نے عدالتی حکم پر ایک کروڑ کے ضمانتی مچلکے احتساب عدالت میں جمع کرائے۔ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے سکھر میں جیل کے باہر خورشید شاہ کا استقبال کیا، خورشید شاہ کارکنوں کے قافلے کے ہمراہ رہائش گاہ روانہ ہوئے۔ رہائی کے بعد اپنی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب میں کہا ہے کہ مجھے جیل میں ڈالا گیا‘ میرے خلاف آج تک کوئی چیز ثابت نہیں ہوئی۔ کرپشن جیسی غلیظ چیز کے قریب بھی ہم کبھی نہیں گئے۔ میرے خلاف بڑی سازشیں ہوئیں۔ مجھے کبھی کوئی نہیں جھکا سکا۔ کسی سے کوئی شکایت نہیں کروں گا کہ مجھے کیوں جیل میں ڈالا گیا۔ مجھے عوام سے محبت کے جرم میں جیل میں ڈالا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن