عمران بھارت میں مقبول،آج جلسہ کریں مودی سے بڑا ہو گا:فواد چوہدری
دبئی (طاہر منیر طاہر) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان بھارت میں بہت مقبول ہیں۔ دہلی میں آج جلسہ کریں تو مودی سے بڑا جلسہ ہو گا۔ دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارت کیساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، ہمسایہ ملک میں مسلم کش نریندرا مودی کی حکومت ہے۔ مودی اوران کی جماعت کے رویے کی وجہ سے پاک بھارت حالات میں بہتری نہیں آرہی۔ پاک بھارت میچ کیلئے بہت پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا حکومت کی ترجیح ہے۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث دنیا کی پانچ بڑی معیشتوں کو دھچکا لگا۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت نے کرونا وبا کا بہترین انداز میں مقابلہ کیا۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ تعمیرات کے شعبے میں 3 لاکھ نئی نوکریاں پیدا ہوئی ہیں۔ ریکارڈ سرمایہ کاری آرہی ہے۔ ٹیکسٹائل صنعت کو بھی فروغ حاصل ہورہاہے۔ زراعت کے شعبے میں ملکی معیشت میں 1100 ارب کا اضافہ کیا گیا۔ رواں سال گندم اورگنے کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے۔افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغان طالبان سے بات کر رہے ہیں کہ دیگر گروپوں کو بھی ساتھ لے کر چلیں۔ پاکستان افغانستان میں استحکام چاہتاہے، پاکستان کی افغانستان میں امن کیلئے کوششیں جاری ہیں، ڈالرکی افغانستان سمگلنگ کے باعث روپے کی قدر میں کمی آئی۔