• news

اپوزیشن  کے مہنگائی کیخلاف مظاہرے جاری،چیف جسٹس سو سے موٹو کا مطالبہ


لاہور‘ اسلام آباد‘سرگودھا، نوشہرہ ورکاں‘ کراچی (خصوصی رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی، نامہ نگاران، نمائندہ نوائے وقت‘ نوائے وقت رپورٹ) اپوزیشن پارٹیوں کا مہنگائی کیخلاف احتجاج جاری ہے۔ سرگودھا، سیالکوٹ، جھنگ، چیچہ وطنی، نوشہرہ ورکاں سمیت کئی شہروں میں ریلیاں، مظاہرے کئے گئے، شرکاء نے نعرے بازی کی۔ مہنگائی کیخلاف بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مقررین نے پٹرول‘ آٹا‘ چینی‘ گھی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے کہا نااہل حکمران مستعفی ہوں‘ مہنگائی کا چیف جسٹس سوموٹو نوٹس لیں۔ سونامی ملک کیلئے بربادی بن گئی۔ آئی ایم ایف کے حکم پر عوام کا حکمران خون نچوڑ رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) جے آئی یوتھ ونگ‘ جماعت اسلامی کے کارکنوں‘ عہدیداروں نے شرکت کی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی پی مہنگائی کیخلاف عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ سلیکٹڈ وزیراعظم کے پاس مہنگائی کے خاتمے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ مہنگائی کے خلاف احتجاج نے عمران خان کی جعلی مقبولیت کا پول کھول دیا۔ مہنگائی کے ستائے عوام عمران خان کیخلاف سڑکوں پر ہیں۔ اب یہ سفر پی ٹی آئی اقتدار کے خاتمے تک جائے گا۔ صحافی عاصمہ شیرازی کے خلاف منظم ہراسانی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بدترین مہنگائی کا شکار ہے اور حکومت ایک خاتون صحافی کی کردارکشی کی مہم میں مصروف ہے۔ اختلاف رائے کوکچلنا حکومت کا ایک عمومی رویہ بن چکا ہے۔ پوری صحافی برادری عاصمہ شیرازی کیساتھ کھڑی ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے، عاصمہ شیرازی کا معاملہ انفرادی نہیں۔ سچ سے خوف زدہ حکومت دھونس، دھمکی اور عوام کے حق میں اٹھنے والی آوازوں کو دبانا چاہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل کے بجائے صحافیوں پر حملے کا مطلب ہے کہ حکومت کے پاس بحرانوں کا کوئی حل نہیں ہے۔ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ آج اتوار کو ملک میں بدترین مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرے گی۔ آج فیصل آباد‘ گوجرانوالہ‘ ملتان‘ بھکر‘ میانوالی‘ ساہیوال‘ میاں چنوں میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے جبکہ تاجر اتحاد نے بھی پی ڈی ایم کی حمایت کر دی۔ نواب شاہ‘ دادو‘ ٹھٹھہ‘ سجوال‘ مٹھی‘ ہالہ سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی آج مظاہرے ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن