فتح مبارک ، حکومت اپوزیشن : ٹیم نے سر فغر سے بلند کر دیا ، سپہ سالار
ریاض‘ اسلام آباد‘ لاہور (امیر محمد خان سے ‘ نامہ نگار‘ خبر نگار خصوصی ‘ نمائندہ نوائے وقت‘ نوائے وقت رپورٹ) حکومت اور اپوزیشن کے رہنماؤں قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت سے فتح پر مبارکباد دی ہے۔ جبکہ سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ٹیم نے سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ صدر علوی نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ٹیم نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔ شاہینوں کو بھارت کیخلاف فتح مبارک ہو۔ دس وکٹوں سے شکست دینے پر قوم کو آپ پر فخر ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو شاندار اور تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم نے بابر اعظم کی قیادت میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے جو کسی ورلڈ کپ مقابلے کا ایک شاندار ریکارڈ ہے جس پر پاکستان کے عوام دنیا بھر سے انہیں مبارکباد دیتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم اپنی یہ شاندار کامیابی قائم رکھتے ہوئے ورلڈ کپ بھی جیتے گی اور پاکستان کے عوام کیلئے خوشیاں لیکر وطن آئے گی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میچ میں بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی اور جیت پر مبارکباد دی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے کئے گئے ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہم سب کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی نے بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر مبارکباد دی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے عمدہ کارکردگی سے بھارت کو شکست دی۔ بابر اعظم اور رضوان نے بہترین بیٹنگ جبکہ شاہین شاہ نے شاندار باؤلنگ کی۔ آج ثابت ہوا کہ لگن سے کھیلیں گے تو کامیاب ہوں گے۔ کیا میچ تھا کہ دونوں ٹیموں کا کوئی میچ نہیں تھا۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستانی شاہینوں نے ٹی۔20 میں ایک بار پھر ہندوستان کو اڑا کے رکھ دیا۔ بابر اور رضوان نے چھکوں چوکوں کی بارش، شاہین آفریدی کی 3، حسن علی کی 2 ،شاداب اور رئوف کی ایک ایک وکٹ نے دہلی کے در و دیوار ہلا کر رکھ دیئے۔ ہندوستان جس محاذ پر سامنے آکر مقابلہ کرے گا اسی طرح منہ کی کھائے گا۔ ثابت ہو چکا کہ جیت پاکستان کا نصیب اور شکست ہندوستان کا مقدر ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں ساری قوم کو اس فتح عظیم کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ جس جرات، ولولے، دبدبے سے پاکستانی ٹیم نے اپنے روایتی حریف کو شکست دی ہے اس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ مجھے افسوس ہے کہ قومی ذمہ داریوں کی وجہ سے میچ گرائونڈ میں نہیں دیکھ سکا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے ایک بیان میں کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم، قوم کی دعائوں اور کھلاڑیوں کی محنت سے آج پاکستان کرکٹ ٹیم نے فتح حاصل کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ہو، ایشیا کپ ہو یا چیمپئنز ٹرافی جہاں پاکستان بھارت کرکٹ ٹیمیں آمنے سامنے ہوں تو وہ میچ دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا میچ بن جاتا ہے۔ بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کی پرفارمنس زبردست رہی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قوم کو مبارکباد ہو۔ بابر اعظم‘ محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی سمیت پوری ٹیم نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ آپ نے روایتی حریف کو ہرا کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ قوم کی دعاؤں سے فتح حاصل ہوئی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ انڈیا کیخلاف یہ پاکستان کا فائنل تھا۔ اسی بات کا بھارت کو ڈر تھا یہی وجہ تھی کہ پاکستان کے ساتھ نہیں کھیلتا تھا۔ پاکستان نے بھارت کو پچھاڑ دیا۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی ٹیم قوم کی امیدوں پر پورا اتری ہے‘ آج کے میچ میں پاکستان کی قوم ٹیم نے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے قومی ٹیم کو شاندار کھیل پیش کرنے پر شاباش دی اور کہا کہ تاریخی فتح پر پوری قوم کو مبارکباد‘ بابر اعظم‘ محمد رضوان‘ شاہین آفریدی اور پوری ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ پاکستان زندہ باد۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پاکستانی ٹیم کو میچ جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔ ورلڈ کپ ٹی 20 میں پاکستان ٹیم کی شاندار اور ریکارڈ کامیابی پر بیرون ملک پاکستانیوں نے بھی نوائے وقت کو فون پر اپنے پیغام میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم اور ٹیم کے اراکین نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو تاریخی شکست دی ہے۔ امید ہے ٹیم ورلڈ کپ بھی جیتے گی۔