• news

مہنگائی کیخلاف اہوزیشن کا احتجاج جاری : آئی ایم ایف کی غلامی نا منظور: مظاہرین

قصور‘  گوجرانوالہ‘ لاہور (نمائندہ خصوصی + نامہ نگاران + نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن)‘ جماعت اسلامی کے مہنگائی کیخلاف مظاہرے تھم نہ سکے۔ قصور‘ گوجرانوالہ‘ لاہور‘ فیصل آباد ‘ میانوالی‘ ساہیوال‘ اوکاڑہ‘ گوجرہ‘ حافظ آباد سمیت متعدد شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے ضلع کونسل چوک میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ لیگی ارکان، عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز سمیت کارکنان کی بڑی تعداد میں شرکت۔ مہنگائی کی حالیہ لہر پر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین نے کہا ناتجربہ کار مشیروں نے ملک ڈبو دیا۔ نیا پاکستان بنانے کا دعویٰ کرنیوالے تباہی لائے‘ آئندہ الیکشن میں حکمرانوں کو مسترد کیا جائے۔ آئی ایم ایف کی غلامی نامنظور۔ ملتان روڈ لاہور پر جے آئی یوتھ ونگ کے زیراہتمام ریلی نکالی گئی۔  حافظ آباد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ہوشربا مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ضلعی امیر ڈاکٹر محمد یٰسین، امان اﷲ چٹھہ، ماسٹر بشیر احمد و دیگر نے کی۔ ریلی جامع الفتح سے شروع ہوکر فوارہ چوک پر اختتام پزیر ہوئی۔ ضلعی امیر ڈاکٹر محمد یٰسین اور رکن صوبائی شوری امان اﷲ چٹھہ نے کہا کہ کمر توڑ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ نیا پاکستان بنانے کے دعوے کرنے والے حکمرانوں نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ اور اب غریب عوام دو وقت کی روٹی کو بھی ترس رہے ہیں۔ ملک سے مہنگائی بے روزگاری اور کرپشن کے خاتمہ کے لئے عوام کو جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا تب ہی اس ملک کی تقدیر بدلے گی۔ اس موقع پر شرکاء ریلی نے روٹی مہنگی، آٹا مہنگا، چینی مہنگی تیل مہنگا اور کھاد مہنگا کے نعرے لگائے۔ مسلم لیگ ن اور پی ڈی ایم نے مہنگائی و بیروزگاری کیخلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ حکمرانوں کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ پریس کلب گوجرانوالہ کے باہر بڑھتی مہنگائی ، بیروزگاری اور لاقانونیت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جسکی قیادت ارکان قومی اسمبلی انجینئر خرم دستگیر خان، بیرسٹر عثمان ابراہیم، محمود بشیر ورک، ڈاکٹر نثار چیمہ، چوہدر ی ذوالفقار بھنڈر اور ارکان صوبائی اسمبلی حاجی عبدالرئوف مغل‘ چوہدری اقبال گجر‘ عمران خالد بٹ‘ بلال  فاروق تارڑ‘ امان اللہ وڑائچ‘ حاجی وقار چیمہ‘ ضلعی جنرل سیکرٹری شازیہ فرید‘ سٹی صدر سلمان خالد پومی بٹ‘ جنرل جنرل سیکرٹری شاہد عثمان ابراہیم‘ سٹی سینئر نائب صدر میئر کارپوریشن شیخ ثروت اکرام‘ محمد شعیب بٹ، نواز چوہان ایم پی اے‘ سٹی نائب صدر جمشید ایوب بٹ سیکرٹری اطلاعات عامراکرام بٹ ڈپٹی مئیر رانا مقصود اور یو سی چئیرمینوں نے شرکت کی۔ سابق وفاقی وزیر و رکن قومی اسمبلی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ووٹ چوری کر کے آنے والی حکومت کبھی غریب کا احساس نہیں کرسکتی۔ آج کسان کے لیے کھاد کا توڑا 2200 روپے کا ہے جو ملتا بھی نہیں۔ آج ملک میں 15 روپے یونٹ والی بجلی 30 روپے فی یونٹ ہوگئی ہے۔ نواز شریف نے ووٹ کی طاقت سے لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی ختم کی۔ محمود بشیر ورک، بیرسٹر عثمان ابراہیم، ڈاکٹر نثار احمد چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی جیسی نالائق حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ کر ملک کو ڈبو دیا ہے۔ قصور کے نواحی علاقے ملتان روڈ کے مقام سے مہنگائی کے خلاف جے یو آئی (ف) کے رہنما کی قیادت میں ایک ریلی نکالی گئی ریلی میں کثیر تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں عوام کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔ بجلی، پٹرول، گیس اور جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں فوری طور پر کمی کی جائے اور ٹیکس کا بوجھ بھی غریب عوام پر کم کیا جائے۔ ریلی چوک کوٹ رادھا کشن پہنچ کر پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگئی۔

ای پیپر-دی نیشن