• news

سب کو مذ ہبی آزادی ، مندروں ، گر جا گھروں، اقلیتوں کی حفاظت کرتے رہیں گے: چیف جسٹس

حیدرآباد (نوائے وقت رپورٹ) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ اس ملک میں سب کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔ چیف جسٹس گلزار احمد ایک روزہ دورے پر حیدرآباد پہنچ گئے جہاں انہوں نے سرکٹ ہاؤس کے شیو مندر میں جاری سالانہ میلے کی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ چیف جسٹس گلزار احمد کے ہمراہ ان کی اہلیہ بھی موجود تھیں۔ چیف جسٹس کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جب کہ میلے میں پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال اور آتشبازی بھی کی گئی۔ چیئرمین پاکستان ہندو کونسل رمیش کمار واکوانی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیری مندر کے حوالے سے چیف جسٹس نے سخت ایکشن لیا۔ اس مندر کے افتتاح کیلئے چیف جسٹس کو دعوت پیش کرتا ہو، یہ مندر جسٹس گلزار احمد کی وجہ سے فعال ہوا ہے۔ جسٹس گلزار احمد نے نوارتری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندو برادری کو میلے کی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور رمیش کمار نے جن مسائل کی نشاندہی کی انہیں حل کروانے کی کوشش کروں گا۔ سب کو اس ملک میں مذہب کی آزادی حاصل ہے کیوں کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کے قیام سے پہلے ہی مذہب کی آزادی کا اعلان کردیا تھا۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ پراپرٹی پر قبضے کے کیسز آتے ہیں، اس سلسلے میں چیئرمین اویکیو ٹرسٹ بورڈ کو بارہا سمجھایا ہے کہ ہندو پراپرٹی واپس کروائی جائے، سرکٹ ہاؤس مندر کے معاملے کو بھی دیکھیں گے۔ اویکیو ٹرسٹ سے مندر کا سارا ریکارڈ منگوائیں گے، ٹیری مندر و دیگر مندروں اور گرجا گھروں، اقلیتوں کی بھرپور حفاظت کرتے رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن