• news

حکومت جلد مہنگائی پر قابو پا کر قوم کو ریلیف دیگی: حسان خاور

لاہور (اے پی پی) معاون خصوصی وزیرِ اعلی برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے شہباز شریف کے حکومت مخالف بیانات پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ملکی زر مبادلہ کے ذخائر بیدردی سے لٹا کر معیشت ڈبونے اور اربوں ڈالر لوٹنے والے ایون فیلڈ کے رہائشی آج پی ٹی آئی حکومت کو قومی سلامتی یاد کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بے سر و پا تنقید کی بجائے اپنی 25 ارب کی ٹی ٹیز کی وضاحت پر وقت صرف کریں تو عوام کو زیادہ فائدہ ہو سکتا ہے۔ ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا کہ پاکستان کے آئی ایم ایف سے طویل مذاکرات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو عوام کا وسیع تر مفاد سب سے عزیز ہے۔ عوام کے مفاد کا سودا کرنا ہوتا تو آئی ایم ایف سے مذاکرات ایک دن میں مکمل ہو جاتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بہت جلد مہنگائی پر قابو پا کر قوم کو ریلیف دیگی۔ عوام کا اتنا ہی درد ہوتا تو پی ایم ایل این کسی ہائیڈل ڈیم کا تحفہ عوام کو دے جاتی۔ دنیا بھر میں بڑھتی مہنگائی کے اثرات پاکستان پر بھی آ رہے ہیں۔ اپوزیشن تعصب کی موٹی عینک اتارے تو مثبت چیزیں بھی نظر آئیں۔

ای پیپر-دی نیشن