ڈی آئی خان: فائرنگ سے پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر تعینات پولیس کانسٹیبل شہید
ڈیرہ اسماعیل خان (نوائے وقت رپورٹ) تھانہ کینٹ کی حدود میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ ڈی آئی خان میں تھانہ کینٹ کی حدود میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار کو شہید کردیا۔ پولیس کے مطابق پولیس کانسٹیبل اکرام اللہ پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر تعینات تھا اور ڈیوٹی ختم کرکے گھر جارہا تھا تاہم راستے میں 2 موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کردی۔ پولیس کے مطابق ملزمان فائرنگ کے بعد کانسٹیبل کی کلاشنکوف اور موٹر سائیکل بھی ساتھ لے گئے۔ تاہم واقعہ کے بعد علاقے میں حملہ آوروں کی تلاش کے لیے ناکہ بندی کردی گئی ہے۔