فرانس نے فوجی مقاصد کیلئے جدید ترین سیٹلائٹ خلا میں بھیج دیا
پیرس (نوائے وقت رپورٹ) فرانس نے کامیابی کے ساتھ ایک جدید ترین سیٹلائٹ کو مدار میں بھیجا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے فضائی اور خلائی فورس کے ترجمان کرنل اسٹیفن اسپیٹ نے میڈیا کو بتایا کہ اریان 5 راکٹ کے ذریعے مدار میں کامیابی سے اسٹیٹ آف دی آرٹ ملٹری کمیونیکشن سیٹلائٹ ’’سائراکوز 4 اے‘‘ بھیجا ہے۔ اس سیٹلائٹ کو ہفتے کے آخر میں فرانسیسی گیانا کے کورو سے روانہ ہوا تھا اور ٹیک آف کے بعد 38 منٹ اور 41 سیکنڈ میں مشن مکمل کیا۔ یہ سیٹلائٹ اپنے قریبی ماحول کا جائزہ لے سکتا ہے اور کی بھی حملے سے بچنے کے لیے خود کو بچانے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سیٹلائٹ کے جدید آلات جیسے اینٹی جامنگ اینٹینا اور بورڈ پر ڈیجیٹل ٹرانسپیرنٹ پروسیسر کی بدولت انتہائی کار آمد ہیں اور مواصلاتی نظام کو جام کردینے والے کسی بھی قسم کی رکاوٹ کے خلاف اعلیٰ مزاحمت کی ضمانت دیتے ہیں۔ فرانس کے فضائی اور خلائی فورس کے ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ سیٹلائٹ زمین پر موجود تینوں افواج کے درمیان رابطے کو تیز اور محفوظ بنائے گا اور فرانس کی خلا میں موجود ملٹری فورس کو بھی دیگر ممالک کی خلائی فوج کی مداخلت اور جارحیت سے بھی آگاہ کرے گا۔