• news

  بھارت کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے کی کوشش کر رہا:وزیر خارجہ شاہ محمود

اسلام آباد (نامہ نگار) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی امن وسلامتی، پائیدار ترقی اور سب کے لئے مساوی انسانی حقوق کے فروغ میں اقوام متحدہ کی مرکزیت کے ساتھ کثیرالقومیت کے لئے ہم نے ہمیشہ اپنے مضبوط عزم و ارادے اور پختہ وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے۔  بھارت قابض قوت‘ اپنے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں عوام کی استصواب رائے کے اپنے ناقابل تنسیخ حق کے حصول کی منصفانہ جدوجہدکو دبانے کی کوشش کررہی ہے جس کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی متعدد قراردادوں کے ذریعے دی ہے۔ اقوام متحدہ کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کے قیام کی 76ویں سالگرہ منارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت سے ملنے والی رہنمائی اور جذبے کے تحت پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے منشور کو سربلند کیا ہے۔ پاکستان ہمیشہ عالمی تعاون، مکالمے اور تنازعات کے پرامن حل کا بھرپور مبلغ اور پرچارک رہا ہے۔ افغانستان سے انخلا اور انہیں متعلقہ مقامات تک پہنچانے میں سہولت کاری کا کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن