بھارت زیر قبضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کررہا ہے : علی امین گنڈاپور
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپورنے کہا ہے کہ 24اکتوبر کا دن آزاد کشمیر کی تاریخ میں انتہائی اہم مقام رکھتا ہے ، 1947 کو اسی دن کشمیری عوام نے اپنی لازوال قربانیوں سے آزاد جموں و کشمیر حکومت کی بنیاد رکھی، یہ اس عہدکی تجدید کا دن ہے کہ ہم کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔آزاد جموں و کشمیر کے 74 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے پیغام میں انہوں نے کہا کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدو جہد کو کچلنے کیلئے بھارتی ہتھکنڈے ناکام ہو چکے ہیں، زیر قبضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے،بھارتی قابض فوج نہتے کشمیری نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشنز اور جھوٹے مقابلوں میں شہید کر رہی ہے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بھارت زیر قبضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی سازش کر رہا ہے، وہاں کے عوام بھارت کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔