• news

حکومت تعلیم کے فروغ،یکساں نصاب کے اجرا کیلئے کوشاں ہے: قاسم سوری 

اسلام آباد(نا مہ نگار)عبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ۔افتتاحی تقریب میں سابق وزرائے اعظم راجہ پرویز اشرف،شاہد خاقان عباسی،سید یوسف رضا گیلانی،ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری،سینیٹر مشاہد حسین سید ،سینیٹر فوزیہ ارشد،جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم،سابق چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختاراحمد،حسین فرید،میاں اسلم فرید سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔عبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف لاہور و ممبر بی او جی عبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی اویس رئوف نے تقریب میں شرکت کرنے پر مہمانوں کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ عبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی کا نام ہمارے لئے بہت اہم ہے 25سال قبل یونیورسٹی آف لاہور کا قیام عمل میں لایا گیا اور آج الحمد اللہ یونیورسٹی میں 45ہزار طلبا و طالبات زیور تعلیم سے آ راستہ ہو رہے ہیں اور دو ہزار قابل فیکلٹی ممبران یونیورسٹی کا حصہ ہیں ۔ اس موقع پر انہوںنے عبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز ایم اے رئوف کی جانب سے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے عبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد کی افتتاحی تقریب سے خطاب میںعبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی کے چیئرمین اور تمام انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے یہ جان کرخوشی ہوئی کہ یونیورسٹی آف لاہور کے سابقہ اسلام آباد کیمپس نے یونیورسٹی کا درجہ حاصل کر لیا ہے، حکومت تعلیم کے فروغ اور یکساں نصاب کے اجرا کے لیے کوشاں ہے۔سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ عبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی کی افتتاحی تقریب میں شرکت پر بہت فخر محسوس ہوا،تعلیم ہی اس ملک کا مستقبل ہے،تعلیم کے بغیر کوئی ملک، کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میرے لیے باعث فخر ہے کہ میں عبادت یونیورسٹی کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوا۔حکومت اور اپوزیشن تعلیم کو عام کرنے حوالے سے ایک پیج پر ہونی چاہئے ۔ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی کا قیام تعلیمی میدان میں انقلاب ہے ۔تقریب میں تین سابق وزرائے اعظم اور حکومتی و اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کی شرکت پر کہا کہ عبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی کی انتظامیہ کا شکر گزار ہوں کہ انہوںنے اس افتتاحی تقریب کو آل پارٹیز کانفرنس بنا دیا ۔سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ عبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی تعلیمی میدان میں نہ صرف نوجوانوں کو معیاری تعلیم فراہم کرے گی بلکہ اس ملک کی خدمت بھی کرے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن