لاکھوں کی ڈکیتیاں‘ کوٹ لکھپت میں شہری کو لوٹ کر فائرنگ
لاہور (نامہ نگار) لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے برکی کے علاقے میں فیاض کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر8 لاکھ 65 ہزار روپے مالیت‘ شالیمار کے علاقے میں ضیاء الدین کے گھر سے 3لاکھ 70ہزار روپے مالیت‘ نواں کوٹ میں ہمایوںاور اس کی فیملی سے ساڑھے 3 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، زیوارت سامان اور موبائل فون لوٹ لئے گئے۔ نواب ٹاؤن کے علاقے میں امتیازکی دکان سے ایک لاکھ 40 ہزار روپے اور موبائل فون، ہربنس پورہ میں ریاست سے ایک لاکھ 31 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون،گارڈن ٹاؤن میں ماجد سے گن پوائنٹ پر 48 ہزار روپے اور موبائل فون، کاہنہ میں صدیق سے 45 ہزار روپے نقدی موبائل فون لوٹ لیا گیا۔ کوٹ لکھپت کے علاقے میں فیضان عمر کی دکان سے ڈاکوؤں نے 42 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ہیں۔ ملت پارک تھانے کے قریب سے 2 ڈاکوؤں نے مقبول روڈ اچھرہ کے رہائشی عبدالوہاب اور اس کی بہن سے15ہزارروپے نقدی، موبائل فون اور موٹر سائیکل چھین لی۔ سمن آباد کے علاقے خواجہ سٹریٹ میں فیاض اپنی بیوی کے ہمراہ واک کر کے گھر کے پاس پہنچا ہی تھا کہ موٹر سائیکل سوار ڈاکو نے گن پوائنٹ پر 10 ہزار روپے رقم اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے نشترکالونی میں ایک دکان سے ساڑھے 4لاکھ روپے مالیت کی نقدی و دیگر سامان چوری کرلیا۔ چوروں نے رائیونڈ سٹی، سمن آباد اوروحدت کالونی کے علاقوں سے3 کاریں، کاہنہ اور شاہدرہ ٹاؤن کے علاقوں سے2 رکشے جبکہ رائیونڈ سٹی، چوہنگ، ستو کتلہ، جوہر ٹاؤن، باغبانپورہ، اقبال ٹاؤن اور شمالی چھاؤنی کے علاقوں سے7موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔