بھکھی: ممبر پنجاب بار محمد نواز کھرل دیرینہ دشمنی پر قتل
شیخوپورہ‘ نواںکوٹ‘ کھاریانوالہ‘ بھکھی (نمائندگان‘ نامہ نگاران) تھانہ بھکھی کے علاقہ فیروز وٹواں میں دن دیہاڑے دیرینہ دشمنی کی بناء پر ملزمان ارشد وغیرہ نے فائرنگ کرکے ممبر پنجاب بار کونسل رائے محمد نواز کھرل ایڈووکیٹ کو قتل کردیا تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم عارف کو گرفتار کرلیا ہے۔ سینکڑوں مرد و خواتین جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے اور قتل کیخلاف احتجاج شروع کردیا۔ بتایا گیا ہے کہ مقتول رائے محمد نواز کھرل ایڈووکیٹ اپنی گاڑی پر سوار ہوکر گھر سے نکلے ہی تھے کہ گھات لگائے ملزمان عارف وغیرہ نے ان پر فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مقتول کی ملزمان سے دیرینہ دشمنی بتائی گئی ہے تو دوسری طرف مقتول کے ورثاء رائے اکرام، رائے عرفان، رائے اسلم، رائے احسان، رائے ثاقب، رائے زکریا و دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ملزمان پارٹی کا تعلق ایس ایچ او بھکھی رانا اعظم سے ہے جس کی پہلی تعیناتی کے دوران مقتول پارٹی کا ایک شخص قتل ہوگیا تھا اور اب اس کی دوبارہ تعیناتی کے بعد رائے محمد نواز کھرل ایڈووکیٹ کو بھی قتل کردیا گیا۔ ملزمان کی گاڑی ایس ایچ اوکے زیراستعمال ہے۔ یہ قتل بھی اسکی آشیرباد سے ہوا ہے۔