عملی طور پر مافیاز اور آئی ایم ایف کی حکومت ہے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 31 اکتوبر اسلام آباد ڈی چوک میں مہنگائی کے خلاف بیروزگار نوجوانوں کا مارچ حکومت مخالف تحریک میں شدت کا نقطہ آغاز ہو گا۔ امریکہ کو فضائی حدود دی گئی تو قوم کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ وزیراعظم کے ریمارکس ''قیمیتیں بڑھتی ہیں تو حکمران چور ہوتا ہے‘‘ کے فارمولے کو سامنے رکھا جائے تو اس وقت ملک میں چوروں کی نہیں ڈکیتوں کی حکومت ہے۔ پیٹرول مافیا، بجلی مافیا، گیس مافیا، آٹا مافیا،چینی مافیا، ملک پر مافیاؤں کا قبضہ ہے، اکثر ان میں حکومتی صفوں میں بیٹھے ہیں۔ حکومت فوری بلدیاتی انتخابات کروائے‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میاں محمد اسلم‘ ڈاکٹر طارق سلیم، زبیر گوندل، نصراللہ رندھاوا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ورکرز کنونشن رات دیر تک جاری رہا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک میں عملی طور پر مافیاز اور آئی ایم ایف کی حکومت ہے مہنگائی ، بے روزگاری اور کرپشن نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ حکومت فوری طور پر قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ماہ ربیع الاول کا تقاضا ہے کہ حضورنبی کریم ﷺ کے پیغام کو دنیا کے کونے کونے میں پہنچایا جائے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ فرعونی نظام کیخلاف اٹھ کھڑے ہونے کا وقت آگیاہے، آج دنیا میں اسلامی نظام کے نفاذ کی ضرورت ، سود حرام ہے لیکن ملک میں سودی نظام چل رہا ہے۔