سیکورٹی کا بہانہ بنا کر بھاگنے والوں کی پٹائی
لاہور‘ اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر‘ نمائندہ نوائے وقت‘ نوائے وقت رپورٹ) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شاہینوں نے سکیورٹی کا بہانہ بناکر بھاگنے والوں کی بھی پٹائی کر دی۔ پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے پچھاڑ دیا۔ شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میںکپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کیویز نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 134رنز بنائے۔ بلیک کیپس کی جانب سے مارٹن گپٹل اور ڈیرل مچل نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا اوور ہی میڈن کروایا۔ پہلے آئوٹ ہونے والے بیٹر مارٹن گپٹل تھے جنہوں نے 20گیندوں پر 3چوکوں کی مدد سے 17رنز بنائے اور حارث رؤف کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ ڈیرل مچل 20 گیندوں پر 27 رنز بنا کر چلتے بنے۔ جیمی نیشم 2 گیندوں پر ایک سکور بنا کر محمد حفیظ کا نشانہ بن گئے۔ کپتان ولیمسن 25رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیون کونوے27رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے۔ گلین فلپس بھی 13سکور بنا کر حارث کا نشانہ بنے۔ ٹم سیفرٹ 8رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔ حارث رؤف نے 4کیویز کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پاکستان نے ہدف 18.4 اوورز میں 5 وکٹوں پر پورا کرلیا۔ محمد رضوان 33‘ کپتان بابر اعظم 9‘ فخر زمان 11‘ محمد حفیظ 11‘ عماد وسیم 11رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ شعیب ملک 27 اور آصف علی 27رنز پر ناقابل شکست رہے۔ ایش سوڈھی نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ حارث رئوف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان اگلا میچ پرسوں 29 اکتوبر کو افغانستان کیخلاف کھیلے گا۔ پاکستان پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، آصف علی‘ شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، حارث رؤف، شاہین آفریدی شامل تھے۔ نیوزی لینڈ پلیئنگ الیون میں کپتان کیں ولیمسن، مارٹن گپٹل، ڈیرل مچل ، ڈیون کونوے، گلین فلپس، جیمی نیشم، ایش سوڈھی، مچل سینٹنر، ٹم سیفرٹ، ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ شامل تھے۔ پاکستان کے خلاف میچ سے قبل نیوزی لینڈ ٹیم کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بائولر لوکی فرگوسن انجری کے باعث ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے آؤٹ ہوگئے ہیں۔ نیوزی لینڈ ٹیم مینجمنٹ نے لوکی فرگوسن کی جگہ ایڈم میلنی کو سکواڈ میں شامل کرنے کی درخواست کردی ہے۔ سٹیڈیم میں شائقین نے سکیورٹی سکیورٹی کے نعرے لگا دیئے۔ کیوی فاسٹ باؤلر ٹرینٹ بولٹ باؤنڈری پر فیلڈنگ کر رہے تھے اور سٹینڈ میں موجود تماشائیوں نے سکیورٹی سکیورٹی کے نعرے بلند کر دیئے۔ قومی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف فتح سکیورٹی فورسز کے نام کردی۔ محمد حفیظ نے میچ کے بعد فاتح ٹیم کے ہمراہ سیلفی ٹویٹ کی اور لکھا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف جیت سکیورٹی فورسز کے نام کرتے ہیں۔ انہوں نے لکھاکہ ’بوائز ویل ڈن، سخت محنت جاری رکھیں، پاکستان زندہ باد۔ محمد حفیظ کی اس ٹویٹ کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ری ٹویٹ کیا۔ کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ جیت پر اﷲ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ باؤلرز نے بہت اچھی باؤلنگ کی۔ حارث رؤف نے شاندار باؤلنگ کی۔ جیت کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔ اگلے میچز میں بھی بہترین پرفارمنس دیں گے۔ باؤلنگ پلان سے نیوزی لینڈ نے 10 رنز زیادہ بنا لئے۔ آصف علی نے اچھا میچ فنش کیا۔ صدر‘ وزیراعظم‘ وزیر اطلاعات‘ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف و دیگر سیاسی رہنماؤں نے قومی ٹیم کی جیت پر مبارکباد دی ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ بہترین پرفارمنس گرین شرٹس‘ آپ نے جیت کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کی جانب سے اپنی سرزمین پر دورہ ملتوی کرنے کا بدلہ لے لیا۔ ٹویٹ میں صدر عارف علوی کی جانب سے حارث رؤف کی باؤلنگ اور آصف علی کی بیٹنگ کو سراہا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کو اصل غصہ تو نیوزی لینڈ پر تھا‘ بھارت تو ویسے ہی راستے میں آ گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ مبارکباد ٹیم پاکستان‘ شاندار کارکردگی۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی‘ سابق صدر آصف علی زرداری نے قومی ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ شہباز شریف نے کہا ہم نے آپ کو میدان سے باہر کی سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی تھی۔ میدان کے اندر آپ جانیں اور بوائز ان گرین جانیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ وزیر داخلہ نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ سورماؤں کے بعد کیویز بھی شاہینوں کا نشانہ بن گئے۔ پاکستان زندہ باد۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے قومی ٹیم کو جیت کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قوم کو شاہینوں پر پرفخر ہے۔ امید ہے قومی ٹیم ورلڈ کپ جیت کر پاکستان لائے گی۔