• news

’’سکیورٹی کا مسئلہ حل کردیا، کوئی ہور حکم ساڈے لئی‘‘ 


لاہور (اظہار الحق واحد سے) "بدلا لے لیا'مبارکباد پاکستان’’آصف علی‘‘، ’’محمد حفیظ‘‘ ’’سکیورٹی کے تقاضے پورے کردیئے کوئی ہور حکم ساڈے لئی‘‘ نعرے پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر ٹاپ ٹرینڈ رہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی دوسری شاندار فتح پر دنیا بھر سے پاکستانیوں اور کرکٹ کے متوالوں نے جی کھول کر سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر اپنے جذبات کا اظہار کیا اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سمیت دیگر نعرے ٹاپ ٹرینڈ رہے۔ کرکٹ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ میچ کے چرچے کئی روز سے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر رہے ہیں اور کرکٹ کے متوالوں نے نیوزی لینڈ کو پاکستان میں دورہ ملتوی کرنے پر اپنے غم و غصّے کا بھی اظہار کرتے ہوئے فقرے کسے ہیں کہ بدلا چکا لیا ہے اور سکیورٹی کے تقاضے بھی پورے کردیئے ہیں۔ ٹیم پاکستان، ٹیم گرین ایور، پاکستان کرکٹ، پاکستان جیتے گا، پاک کرکٹ زندہ باد باد، پاکستاں زندہ باد سمیت بیسیوں نعروں پر دنیا بھر سے کرکٹ کے لاکھوں دیوانوں نے اپنے اپنے جذبات کا اظہار کیا تو کئی نے مختلف میمز بناتے ہوئے نیوزی لینڈ پر سابقہ سیریز کے التوا پر محبت اور غصے کا اظہار بھی کیا۔ پاکستان کی جیت کے بعد نیوزی لینڈ اور ان کے حمایتیوں کی جانب سے شہریوں کو سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر شدید مایوس پایا گیا اور پاکستان سمیت دنیا بھر سے کرکٹ کے شائقین نے ٹیم پاکستان کو شاندار کھیل پیش کرنے پر سوشل میڈیا پر خوب داد دی۔ پاکستان زندباد اور پاک کرکٹ ٹیم ٹاپ ٹرینڈ رہے جبکہ نوجوانوں نے مختلف میمز بنا کر نیوزی لینڈ کو ان کی ٹیم کی طرح شرمندگی کا احساس دلایا ہے۔ دوسری جانب ملک بھر کی نامور شخصیات نے قومی ٹیم کو دوسری شاندار جیت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، گورنر پنجاب چودھری سرور، نامور کرکٹر پنڈی ایکسپریس شعیب اختر سمیت دیگر شخصیات نے قومی ٹیم کو دل کھول کر داد دی ہے۔ شعیب اختر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھتے ہیں کہ "پاکستانیوں سے درخواست کرتا ہوں گراؤنڈ میں زیادہ شور مت کریں کہیں نیوزی لینڈ میچ کو شور کا بہانا بنا کر چھوڑ کر راہ فرار نہ اختیار کرلے۔گورنر پنجاب چودھری سرور لکھتے ہیں "ہمارے شاہینوں نے کیویز کی سکیورٹی کا بھی مسئلہ حل کر دیا ہے۔‘‘ شہر کے اہم شاہراہوں، چوراہوں اور مارکیٹوں میں بڑی بڑی سکرینیں نصب کرکے میچ دیکھا گیا جبکہ منچلوں نے ڈھول کی تھاپ پر پاکستان کی جیت پر ٹھمکے اور بھنگڑے ڈال کر جشن منایا۔

ای پیپر-دی نیشن