مہنگائی پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج لیگی ایم پی اے جاوید سائیکل پر آئے
لاہور/ اسلام آباد/ کراچی (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگاران + آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام مہنگائی، پٹرولیم، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ارکان صوبائی اسمبلی اور کارکنان کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ شرکاء کتبے اٹھا کر حکومت اور مہنگائی کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔ ریلی اور احتجاج کے باعث ڈیوٹی فری شاپ اور ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام معطل رہا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مہنگائی، بیروزگاری، پٹرولیم، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پنجاب اسمبلی کے باہر ڈیوٹی فری شاپ روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مسلم لیگ ن پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری، حنا پرویز بٹ، سمیرا کومل، سنبل ملک، طارق گل، مرزا جاوید سمیت دیگر شریک ہوئے۔ شرکاء نے حکومت اور مہنگائی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ عظمی بخاری نے کہاکہ مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے اور حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں۔ وزیراعظم ایک ارب ڈالر کیلئے آئی ایم ایف کی منتیں کررہا ہے۔ حکومت آئی ایم ایف کے اشاروں پر ملک چلارہی ہے۔ سبسڈی دینا تو دور انہوں نے کھانے پینے والی ہر چیز پر 12سے 17فیصد تک ٹیکس بڑھا دیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر پندرہ روز بعد اضافہ کرنا حکومت کا پسندیدہ مشغلہ بن چکا ہے۔ ڈالر 175سے بھی اوپر چلا گیا ہے۔ جبکہ رکن اسمبلی مرزا جاوید سائیکل پر اجلاس میں شرکت کے لئے پہنچے۔ اپوزیشن رکن اسمبلی راحیلہ خادم حسین نے انوکھا احتجاج کیا، وہ رنگ برنگی چوڑیاں لے کر آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران کے لئے یہ چوڑیاں لائی ہوں۔ مرزا محمد جاوید نے کہا مہنگائی نے ہر طبقہ کا جینا اجیرن کر دیا ہے۔ راحیلہ خادم حسین احتجاج کے موقع پر لال پیلی اور ہری چوڑیاں لے آئیں، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے حکمران عوام کوریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں، یہ حکمران اب کسی کام کے نہیں رہے اس لئے ان کیلئے چوڑیاں لے کر آئی ہوں، اگر وزیر اعلی ایوان میں آئے تو انہیں پیلی چوڑیاں دوں گی وگرنہ ان کی سیٹ پر رکھ دوں گی۔ پی ڈی ایم جھنگ کے زیر اہتمام کمر توڑ مہنگائی بے روزگاری اور لاقانونیت کے حوالہ سے حکمرانوں کی بے حسی کے خلاف حکمرانوں احتجاجی مظاہرہ کچہری چوک سے پریس کلب تک کیا گیا۔ منڈی بہاؤ الدین میں بھی (ن) لیگ نے مارچ کیا۔ پیپلز پارٹی نے جمعے کو مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا اور کہا تحریک انصاف 70 سالہ ریکارڈ توڑنے پر مہنگائی کو انتخابی نشان بنا لے۔ وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ حکمران عوام کے منہ سے آخری نوالہ بھی چھیننا چاہتے ہیں‘ ان کا بس چلے تو سانس لینے پر آکسیجن ٹیکس لگا دیں۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 46 تا 133 فیصد اضافہ اصل کارکردگی ہے۔ پی ڈی ایم 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں مہنگائی کیخلاف احتجاج کریگی۔ طارق فضل چودھری نے کہا مظاہرے میں مرکزی قائدین بھی شریک ہونگے۔