• news

پاکستان سے دم دبا کر بھاگنے والے کیویز کو شارجہ میں دھول چٹائی

لاہور (حافظ محمد عمران/ سپورٹس رپورٹر) پاکستان سے دم دبا کر بھاگنے والے کیویز کو گرین شرٹس نے شارجہ میں دھول چٹا دی۔ نیوزی لینڈ نے ورلڈکپ سے پہلے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کیا جبکہ بھارت تو  عرصے سے پاکستان کیساتھ باہمی سیریز کھیلنے سے انکار کرتا آ رہا ہے۔ دونوں ممالک کی پاکستان کیساتھ نہ کھیلنے کی وجوہات خالصتاً سیاسی ہیں۔ پاکستان نے ٹی ٹونٹی عالمی کپ میں دونوں ٹیموں کو ہرا کر دنیا کو یہ احساس دلایا ہے کہ تمام تر مشکلات، رکاوٹوں اور مسائل کے باوجود پاکستان کی کرکٹ میں اتنی جان ہے کہ وہ کسی بھی ملک کو مشکل سے مشکل حالات میں شکست دے سکتا ہے۔  دونوں میچز میں تمام کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ بالخصوص فاسٹ باؤلرز نے جس انداز میں دونوں میچوں میں بروقت وکٹیں حاصل کی ہیں اس سے پاکستان ٹیم میں نئی روح پھونک دی ہے۔  شاہین آفریدی نے بھارتی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کیا تو دوسرے میچ میں حارث رؤف نے نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن کو تباہ کر دیا۔ بابر اعظم نے باؤلرز کا بہتر استعمال کیا۔ نیوزی لینڈ کی بہترین ٹیم کو کم رنز تک محدود رکھنے کا کریڈٹ باؤلرز کو جاتا ہے۔ محمد رضوان نے اپنا کردار خوب نبھایا، شعیب ملک کو جس کام کیلئے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا خوب نبھایا، آصف علی کو جو ذمہ داری دی گئی تھی پورا اترے۔ یہ مشترکہ کاوش تھی۔پاکستان نے کم رنز والے میچ کو بھی دلچسپ بنایا، یہی پاکستان کی کرکٹ کا حسن ہے، یہی انداز پاکستان کو دنیا کے دیگر ممالک سے ممتاز بناتا ہے۔ بہرحال پاکستان کیساتھ کھیل کے نام پر سیاست کرنیوالے دو ممالک کو گرین شرٹس نے کھیل کے میدان میں بھرپور جواب دیا ہے۔ بہترین ردعمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس سے بہتر جواب کوئی نہیں دے سکتا۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن کی فاتح ٹیم کے خلاف کامیابی حاصل کرنے پر پوری ٹیم کو مبارکباد۔ اب پاکستان کے سیمی فائنل کھیلنے کے امکانات روشن ہو چکے ہیں کھلاڑیوں کو اس موقع سے بھرپور انداز میں فائدہ اٹھانا چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن