فیول ایڈجسٹمنٹ: ستمبر کیلئے بجلی 2.51 روپے یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری
اسلام آباد( نامہ نگار)ستمبر کیلئے ماہانہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 2 روپے 51 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی گئی۔سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کوبجلی 2روپے 66 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی۔ مذکورہ اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا، دیگر صارفین کو آئندہ ماہ کے بلوں میں ادائیگی کرنا ہوگی۔سماعت کے دوران نیپرا حکام نے بتایا کہ ستمبر میں میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 2 ارب 7 کروڑ روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑا، طلب کے مقابلے میں ایل این جی کم فراہم کی گئی۔ ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر وائس چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ ایندھن کی قیمتیں بڑھنے سے بجلی کے نرخ بڑھتے ہیں، اگر سسٹم میں سستی بجلی آجائے تو مہنگی بجلی ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ سے امید رکھیں کہ بہتری آئے گی۔ سی پی پی اے کے مطابق ستمبر میں بجلی کی پیداواری لاگت 7 روپے 68 پیسے فی یونٹ رہی جبکہ اسی ماہ بجلی کی پیشگی پیداواری لاگت 5 روپے 2 پیسے فی یونٹ تھی۔درخواست میں کہا گیا کہ ستمبر میں بجلی کی پیداوار میں پانی سے 36.2 فیصد بجلی پیدا کی گئی، کل بجلی کی پیداوار میں کوئلے سے 17.05 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ مقامی گیس سے 8.9 جبکہ درآمد ایل این جی سے 18.9 فیصد بجلی پیدا کی گئی،فرنس آئل سے بجلی کی لاگت 19 روپے 23 پیسے فی یونٹ رہی۔