• news

دہشت گردوں کی افغانستان بارڈر سے کراسنگ کی کو شش نا کام، فا ئرنگ ،2نو جوان شہید

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی + نمائندہ خصوصی) پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشت گردوں کی باڑ عبور کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے 26 اور 27 اکتوبر کی درمیانی شب غیرقانونی طور پر سرحد پار کرنے کی کوشش کی گئی جسے سکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 اہلکار شہید ہوئے۔ شہداء میں 24 سالہ لانس نائیک اسدکرم اور 21 سالہ سپاہی آصف لکی مروت کے رہائشی شامل ہیں۔ پاکستان نے افغان عبوری حکومت سے پاکستان مخالف سرگرمیاں روکنے کا مطالبہ کیا ہے اور دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال پر شدید احتجاج کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج اپنی سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم ہے، دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔ کیونکہ ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔ علاوہ ازیں پی پی پی کے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی زندگیاں قربان کرنے والے فرنٹیئر کانسٹبلری کے دو سپاہیوں کی شہادت پر  افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ لانس نائیک اسد اور سپاہی آصف نے اپنی زندگیاں داؤ پر لگا دیں مگر اپنے فرض پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ قوموں کی آبرو ایسے ہی بہادر سپاہیوں کی وجہ سے قائم رہتی ہے۔ افغانستان سے ملحقہ سرحد پر دہشت گردوں کی جانب سے دراندازی کی مذموم کوششیں تشویش ناک ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن